پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے ڈومیسٹک کرکٹ کے نئے سینٹرل کنٹریکٹس کا اعلان کردیا۔
سینٹرل کنٹریکٹس میں کھلاڑیوں کی تعداد بڑھا کر 360 کر دی گئی، کچھ سطح پر میچ فیس میں کمی لیکن ڈیلی الاؤنس میں اضافہ کیا گیا ہے۔
نیشنل کرکٹ اکیڈمی لاہور میں قائم مقام ڈائریکٹر ڈومیسٹک کرکٹ جنید ضیاء اور کنسلٹنٹ ڈومیسٹک اینڈ ویمنز کرکٹ ندیم خان نے پریس کانفرنس میں ڈومیسٹک کرکٹ کی تفصیلات بتائیں۔
جنید ضیاء نے کہا کہ نئے اسٹرکچر میں زیادہ کھلاڑیوں کو موقع دیا ہے، کھلاڑی اب ڈپارٹمنٹس اور ریجنز سے بھی کھیل سکیں گے، جس سے وہ مالی طور پر مستحکم ہوں گے۔
ندیم خان نے کہا کہ نئے سیزن میں 360 کھلاڑیوں کو ڈومیسٹک کنٹریکٹس دے رہے ہیں، گزشتہ سال 192کھلاڑیوں کو کنٹریکٹس دیے تھے، کیٹیگریز کی تعداد 5 سے بڑھا کر 7 کر دی ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ اے پلس کیٹیگری کے کھلاڑی کو ماہانہ 3 لاکھ جبکہ سب سے کم کیٹیگری کے کھلاڑیوں کو 50 ہزار روپے ملیں گے۔
ندیم خان کا کہنا تھا کھلاڑیوں کے ڈیلی الاؤنس میں اضافہ کرکے 5 ہزار اور کھانے کا بجٹ 1200 سے بڑھا کر 2 ہزار روپے کر دیا ہے۔