• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ڈسکہ میں 3دوست قتل، ملزم لاشیں نہر پر پھینک گئے

ڈسکہ،اگوکی(نمائندگان جنگ) نامعلوم افراد نے فائرنگ کرکے 3دوستوں کو موت کے گھاٹ اتار دیا۔ تھانہ بمبانوالہ کے علاقہ کنڈن سیان کے تین دوست حامد ‘ زین اور ربیع افطاری کیلئے موٹرسائیکل پرگھرسے نکلے تو رات گئے تک واپس نہ آئے ۔ان کے گھروالوں نے کافی تلاش کی مگر وہ کہیں نہ ملے ۔اگلی صبح جب موضع ملیانوالہ کے علاقہ مکین نماز فجر اداکرکے سیر وتفریح کیلئے نہر بی آر بی کی پٹری پر گئے تو  وہاں تینوں دوستوں کی نعشیں پڑی تھیں۔لوگوں نے مقامی پولیس کو اطلاع دی  جس نے نعشیں قبضہ میں لیکر پوسٹمارٹم کیلئے سول ہسپتال پہنچادیں۔ تینوں مقتولین ایک ہی محلہ کے رہائشی تھے  ۔اگوکی سے نامہ نگار کے مطابق  22سالہ زین ، 25سالہ ربیع اور24سالہ حامد کو نامعلوم ملزمان نے موبائل فون پر کال کرکے افطاری کیلئے بلایاتھا ۔پولیس  کے مطابق  تینوں نوجوانوں کے سروں میں چار چار گولیاں ماری گئیں اور سنگین رنجش کی وجہ سے رونما ہونے والے اس واقعہ کے ملزمان کا سراغ لگانے کیلئے موبائل فون کا  ڈیٹا حاصل کرنے کیلئے موبائل  فون کمپنیوں سے رابطہ کرلیا گیا ہے۔ ملزمان کو  جلد گرفتار کرلیا جائے گا ۔ایس پی انویسٹی گیشن عرفان طارق کے مطابق مرنے والوں کی موٹر سائیکل بھی ان کی نعشوں کے قریب تھی اورموبائل فونوں کے علاوہ ان کے پرس  بھی  جیبوں میں تھے اس لئے یہ بظاہر واردات نہیں ہے۔
تازہ ترین