کاروانِ زندگی کو جاری و ساری رکھنے کے لیے ہمیں توانائی کی ضرورت ہوتی ہے۔ کائنات میں موجود ہر چیز اپنے اندر توانائی رکھتی ہے اور اس توانائی کو خارج کرتی ہے۔ کچھ چیزیں مثبت توانائی خارج کرتی ہیں اور کچھ منفی توانائی۔ اچھی، پُرسکون زندگی کے لیے ہمیں مثبت توانائی کی ضرورت ہوتی ہے، اس کے لیے ضروری ہے کہ مثبت توانائی تلاش کی جائے، کچھ رویوں کو بدلا جائےاور یہ بھی کہ اپنے گھر کی توانائی کو تازہ دم کیا جائے، تاکہ اپنے گھروں میں ہم سکون، آرام اور چین سے رہ سکیں۔
یہ حقیقت ہے کہ ہمارے ارد گرد منفی عناصر پھیلے ہوئے ہیں تاہم مثبت اشیاء اس ماحول میں فرق پیدا کر سکتی ہیں۔ ہمیں اپنے گھروں میں خوش و خرم رہنے میں فنگ شوئی ہماری بہت مدد کر سکتا ہے۔ درج ذیل مفید مشوروں پر عمل درآمد کرکے ہم اپنے گھروں میں مثبت توانائی کو مدعو اور منفی توانائی کو دور کرسکتے ہیں۔
خوشحالی کی علامت
ہمارے خطے ایشیا میں لوگوں کا ماننا ہے کہ ہمارے گھروں میں بانس کی موجودگی کامیابی اور خوشحالی لانے کا باعث ہوتا ہے۔ یہ پودا فنگ شوئی میں بھی استعمال کیا جاتا ہے۔ اس کی توانائی فائدہ مند ہوتی ہے کیوں کہ یہ پانی اور لکڑی جیسے دو عناصر کے درمیان ایک خوشحال اتحاد کی علامت ہے۔
گھر کی حفاظت کی علامت
حسد، بُری نظر اور بُرے احساسات کو گھر سے باہر رکھنے کے لیے گھر کے گرد نمک سے لکیر بنائیں۔ اس کی وجہ یہ ہے کہ نمک میں بہت اہم خصوصیات پائی جاتی ہیں، جس میں حفاظت کی خصوصیت بھی شامل ہے۔ دوسرا طریقہ یہ ہے کہ نئے گھر میں منتقل ہوتے وقت گھر کے داخلی دروازہ کے ساتھ اندر کی طرف کسی جگہ نمک رکھ دیں اور چند دن کے بعد اسے ضایع کردیں، اس طرح اگر اس گھر میں آپ کے منتقل ہونے سے پہلے کوئی منفی توانائی موجود ہوگی تو نمک اسے جذب کرلے گا۔
مثبت توانائی کو کھینچیں
اگر آپ اپنے گھر میں مثبت توانائی کو کھینچنا چاہتے ہیں اور منفی توانائی کو مثبت توانائی میں بدلنا چاہتے ہیں تو گھر میں بلی پالیں۔ بلیوں میں خراب توانائی جذب کرنے اور اسے مثبت توانائی میں تبدیل کرنے کی طاقت پائی جاتی ہے۔ اس کے علاوہ، تحقیق سے ثابت ہوا ہے کہ بلی پر ہاتھ پھیرنے سے پریشانیاں زائل ہوتی جاتی ہیں۔
توانائی کا بہاؤ پیدا کریں
فنگ شوئی ایک سائنس ہے لیکن اس کی کئی چیزوں کو سائنس سے ثابت کرنا مشکل ہوتا ہے۔ جیساکہ فنگ شوئی کا ماننا ہے کہ گول پتوں یا سرخ پھولوں والے پودے آپ کے گھر میں دولت لانے کا بہترین ذریعہ ہیں۔ ان فوائد کے علاوہ بھی قدرت کی کچھ خوبصورتی گھر میں شامل کرنا ایک اچھا مشورہ ہی ہے۔ دروازوں کے قریب پودوں کے ہونے سے ایک کمرے سے دوسرے کمرے میں توانائی کا بہاؤ آسان رہتا ہے۔
مزید برآں، پودے اور پھول ازخود تازہ دم کرنے والی توانائیاں ہیں ۔ اس لیے ان کو گھر کا حصہ بنانا ضروری ہے۔ لیکن اگرآپ گھر میں سوسنِ اُمید (Lily of Hope)رکھ لیں گے تو اس کا آپ کو اور زیادہ فائدہ ملے گا۔ یہ مثبت توانائی کو اپنی طرف متوجہ کرتا ہے اور اس کی دیکھ بھال بھی آسان ہے۔
سفید رنگ کی موم بتیاں
سفید موم بتیاں گھر میں رکھنے سے یہ گھر میں اچھا اثر پیدا کرتی ہیں، اور ان کے برعکس سیاہ موم بتیاں گھر میں منفی توانائی لانے کا باعث بنتی ہیں۔ سفید موم بتیوں سے گھر کو معطر کرنے سے ماحول کی مجموعی توانائی اور سکون میں اضافہ ہوگا۔
اچھی صحت کا سامان
اچھی صحت کے لیے گھر میں نباتاتی تیل ضرور رکھیں۔ نباتاتی تیل بہت سے پھلوں اور جڑی بوٹیوں سے بنائے جاتے ہیں۔ ہر ایک کا مختلف استعمال ہوتا ہے اور یہ صحت کے لیے بہت اچھے ہوتے ہیں۔
ٹھیک سے سوچنے کے لیے ماحول تیار کریں
اگر آپ کے گھر میں شیشے نہیں ہیں تو مزید وقت ضائع کیے بغیر گھر میں شیشے لگائیں۔ اس کی وجہ یہ ہے کہ شیشے مثبت توانائی کو اپنی جانے کھینچتے ہیں اور ٹھیک سے سوچنے میں آپ کی مدد کرتے ہیں۔ یہ سجاوٹ کے لیے بھی بہترین رہتے ہیں کیونکہ یہ روشنی کو منعکس کرتے ہیں اور کسی بھی جگہ کو بڑا لگنے میں مدد کرتے ہیں۔
یہ بہت سارے انداز اور ڈیزائن میں دستیاب ہیں۔ آپ اپنے گھر کی سجاوٹ اور ذوق کے مطابق انتخاب کر سکتے ہیں۔ لیکن اس بات کو ذہن میں رکھیں کہ انھیں لگانے کے لیے آپ کو دُرست جگہ کا انتخاب کرنا ہوگا۔ ان کو گھر کے مرکزی دروازے یا خواب گاہ کے دروازے کے سامنے نہیں لگانا چاہیے، کیونکہ وہاں یہ مثبت توانائی کا راستہ بدل دیتے ہیں۔
غیرضروری اشیاء سے چھٹکارہ حاصل کریں
مکمل صفائی کے بعد آپ اپنے گھر کو نئی دولت کے لیے کھولنے کی سنجیدہ کوشش کر سکتے ہیں۔ اگر آپ نے ایسے کپڑے، اوزار یا دوسرا سامان سنبھال رکھا ہے جس کی نہ آپ کو ضرورت ہے اور نہ آپ اُسے استعمال کرتے ہیں تو آپ کی دولت ان ہی مردہ اشیاء کے ساتھ بندھی ہے۔ تو کیوں نہ اِس سامان سے جان چھڑائی جائے اور جن چیزوں کی آپ کو اب ضرورت نہیں وہ خیرات کر دی جائیں؟ دنیا کو مثبت توانائی پہنچائیں اور یہ آپ کے پاس لوٹ کر آئے گی۔
ٹوٹی ہوئی اشیا
فنگ شوئی کا فلسفہ اِس بات پر یقین رکھتا ہے کہ تمام ٹوٹی ہوئی اشیا کو پھینک دینا چاہیے، کیونکہ یہ منفی توانائی لاتی ہیں یا مثبت توانائی کا راستہ روکتی ہیں۔ اگرچہ آپ ان کو تبدیل یا مرمت کرواسکتے ہیں، مگر اس فلسفے کے مطابق بہتر یہ رہتا ہے کہ آپ ان کو پھینک دیں اور نئے سرے سے شروعات کریں۔
کبھی کبھار یہ پیچیدہ یا مشکل ہوتا ہے، مگر اگر آپ کے پاس کچھ ایسی سجاوٹی اشیا ہیں جو کہ دو حصوں میں بٹ کر ٹوٹ چکی ہیں تو ان کو پھینک دیں۔ نیز خراب اور کام نہ کرنے والے ٹائم پیس اور وال کلاک کو گھر میں بالکل نہ رکھیں۔