کراچی (اسٹاف رپورٹر) وفاقی وزیر تعلیم مدد علی سندھی نے کہا ہے کہ ہائر ایجوکیشن میں کراچی پریس کلب کے ممبران کے بچوں کے لیے اسکالرشپ مختص کی جائیں گی اور اسلام آباد میں وفاقی وزارت تعلیم کی جانب سے صحافیوں کے لیے ورکشاپ منعقد کی جائے گی جس میں کراچی پریس کلب کے ممبران کو خصوصی طور پر شرکت کی دعوت دی جائے گی،سیکریٹری کراچی پریس کلب اپنے اراکین کی فہرست فراہم کریں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اتوار کو کراچی پریس کلب کے خصوصی دورے کے موقع پر کراچی پریس کلب کی گورننگ باڈی اور سینئیر صحافیوں سے گفتگو اور میڈیا ٹاک کے دوران کیا۔ اس موقع پر کراچی پریسکلب کے صدر سعید سربازی، سیکریٹری شعیب احمد ، دیگر عہدیداران اور صحافیوں کی بڑی تعداد موجود تھی ۔مدد علی سندھی نے کہا کہ سندھ سمیت تمام صوبوں میں نوکری سے ریٹائرڈ عمررسیدہ صحافیوں کیلئے انڈومنٹ فنڈ مقرر کرنا چاہیے جو ان کے لئے بڑھاپے کا سہارا بنے، انہوں نے مزید کہا کہ وفاقی وزارت کے تعلیمی اداروں اور جامعات کے مسائل حل کرنے کی کوشش کی جائے گی اور ان کا تعلیمی معیار اور اساتذہ کی ٹیچنگ تربیت ہونی چاہیے ،وفاقی وزیر تعلیم مددعلی سندھی نے کہا کہ تاریخ اور سائنس کے مضامین میں بھی پی ایچ ڈی اساتذہ کی ضرورت ہے اور ملک کے مشترکہ نصاب میں ہر صوبے کی تاریخ اور دیگر مضامین الگ ہونے چاہیے۔ ا نہوں نے مزید کہا کہ تعلیمی اداروں میں طلبہ یونین اور یونین کی سرگرمیاں مثبت انداز میں شروع ہونا چاہیں ۔