• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

شہداء کا تقدس اور احترام ہمارے ایمان کا حصہ ہے، مریم نواز

فائل فوٹو
فائل فوٹو

مسلم لیگ ن کی سینئر نائب صدر مریم نواز نے یومِ دفاع پر شہداء اور غازیوں کو سلام عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ 6 ستمبر 1965 تاریخی اور یادگار دن ہے۔

ایک بیان میں مریم نواز نے کہا کہ ہماری فوج نے بہادری کے وہ کارنامے دکھائے جس نے دشمن کو عبرت کی مثال بنایا، افواج اور عوام مل کر پاکستان کے دفاع کو ناقابل تسخیر بناتے ہیں، اس اتحاد پر ضرب لگانا، پاکستان کے دشمنوں کا اصل منصوبہ ہے جسے ہم نے مل کر ناکام بنانا ہے۔

مریم نواز کا کہنا ہے کہ دشمن کی اس رشتے میں دراڑ ڈالنے کی مذموم کوشش، حسرت ناتمام ہی رہے گی، شہداء کے تقدس اور احترام پر قوم نے کبھی سمجھوتہ کیا نہ کرے گی۔

انہوں نے کہا کہ شہداء کا تقدس اور احترام ہمارے ایمان کا حصہ ہے، 9 مئی جیسے سیاہ واقعات دشمن کی سازش کا حصہ ہیں جسے قوم برداشت نہیں کرے گی، مضبوط افواج، امن اور معاشی بحالی کے ضروری تقاضے ہیں، دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ہماری افواج عظیم قربانیاں دے رہی ہیں۔

ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ عوام اور افواج پاکستان کے مضبوط رشتے میں دشمن کو دراڑ نہیں ڈالنے دیں گے، دشمن کی منفی سوچ سے اپنے نوجوانوں کے ذہنوں کو بچائیں گے۔

قومی خبریں سے مزید