بالی ووڈ کے کنگ خان شاہ رخ خان کی فلم ’جوان‘ باکس آفس پر نئے ریکارڈ بنانے کے لیے تیار ہوگئی۔
رواں برس کے آغاز میں شاہ رخ خان کی فلم پٹھان ریلیز ہوئی، جس نے دنیا بھر میں 1 ہزار کروڑ کا بزنس کیا، اس کا ریکارڈ بھی کنگ خان کی فلم جوان توڑے گی۔
بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق فلم جوان جو 7 ستمبر کو ریلیز ہورہی ہے، جس نے دنیا بھر میں پہلے دن کی بکنگ سے 50 کروڑ روپے کمالیے ہیں، جو متوقع طور پر 52 کروڑ تک پہنچ سکتے ہیں۔
شاہ رخ کی فلم کی دنیا بھر میں ریلیز میں صرف چند گھنٹے رہ گئے ہیں، ایسے خبر آئی ہے کہ فلم نے 51 اعشاریہ 17 کروڑ کی ایڈوانس بکنگ کرلی ہے، جو خود ایک ریکارڈ ہے۔
یوں فلم جوان کا صرف بھارت میں پہلے دن کا بزنس پٹھان کے 32 کروڑ سے زائد ہوگیا ہے، جنوری میں ریلیز ہونے والی فلم میں شاہ رخ خان کے ساتھ دیپیکا پڈوکون اور جان ابراہم نے مرکزی کردار نبھایا تھا۔
فلم جوان کے 3 لاکھ 91 ہزار ایڈوانس ٹکٹ ملٹی پلیکس میں فروخت ہوچکے ہیں، یوں فلم ٹاپ 5 فلموں میں شامل ہوگئی ہے۔
پہلے دن کی ایڈوانس بکنگ میں باہو بلی نے 6 لاکھ 50 ہزار، پٹھان نے 5 لاکھ 56 ہزار، کے جی ایف چیپٹر 2 کے 5 لاکھ 15 ہزار، وار 4 لاکھ 10 ہزار اور جوان 3 لاکھ 91 ہزار ٹکٹ فروخت ہوئے ہیں۔
فلموں کے بزنس کے تجزیہ کار گریش کا کہنا ہے فلم جوان دنیا بھر میں پہلے دن 100 کروڑ کا کاروبار کرسکتی ہے، ہندی سمیت دیگر زبانوں کی ریلیز سے صرف بھارت میں اس کی آمدن 60 کروڑ رہے گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ فلم اپنی ریلیز کے پہلے ہی ہفتے میں 300 کروڑ کا ہندسہ عبور کرلے گی جبکہ شاہ رخ خان کی اس فلم میں روزانہ 100 کروڑ کمانے کا دم بھی موجود ہے۔
جوان ہندی کے ساتھ تامل اور تیلگو زبانوں میں 7 ستمبر کو ریلیز کی جائے گی، مرکزی کرداروں میں شاہ رخ خان، نین تارا، وجے سیتوپتی، سانیہ ملہوترا، سنیل گروور اور دیگر شامل ہیں۔