پاک چین دوستی خصوصی اہمیت کی حامل ہے۔ دونوں ممالک کے فوجی تعلقات نہ صرف آزمائش کی ہر گھڑی پر پورا اترے ہیں بلکہ دفاعی اور تربیتی شعبوں میں بھی اعلیٰ سطح کے تعاون میں بہتری آئی ہے۔ چین پاکستان کی دفاعی صلاحیت بڑھانے میں ہمیشہ معاون رہا ہے۔الخالد ٹینک اور جے ایف تھنڈر جیسے جنگی طیاروں اور آبدوزوں کی تیاری کے ساتھ ساتھ حربی استعداد بڑھانے کے لئے پاکستان اور چین کی تینوں مسلح افواج متواتر مشقیں کرتی رہتی ہیں۔ پیپلز لبریشن آرمی ایئر فورس اور پاک فضائیہ کے مابین دسویں مشترکہ فضائی مشقیں بھی اسی سلسلے کی کڑی ہیں جن کا چین کے شمال مغربی شہروں جیوکوان اور نیچوان میں آغاز ہوگیا ہے جن میں پاک فضائیہ کے مایہ ناز جے 10سی اور جے ایف 17تھنڈر لڑاکا طیارے اپنے جوہر دکھائیں گے، ان مشقوں میں معاون ائیر اینڈ گرائونڈ عملہ بھی حصہ لے رہا ہے۔ 2011ءسے شاہین مشترکہ فضائی مشقوں کے انعقاد کا سلسلہ جاری ہے جس کی میزبانی دونوں ممالک سالانہ متبادل بنیادوں پر کرتے ہیں۔ ترجمان کے مطابق یہ مشقیں دونوں ممالک کے لئے ایک جامع دفاعی حکمت عملی تیار کرنے میں معاون ثابت ہوں گی اور ان میں ہائبرڈ وارفیئر ، سائبر سپیس اور کمپیوٹنگ جیسی خصوصیات کی شمولیت سے آپریشنل صلاحیتیں بڑھانے میں مدد ملے گی اور مشترکہ چیلنجز کا سامنا کرتے ہوئے فضائی سرحدوں کا تحفظ مستحکم ہوگا۔ شاہین 10 فضائی مشقیں جہاں پاک چین دوستی اور اتحاد کے رشتوں کو فروغ دینے کی کاوش ہے وہاں علاقائی ہم آہنگی، بین الاقوامی سلامتی اور آپریشنل صلاحیتوں میں بہتری کی جانب پاک فضائیہ کے عزم کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ پاک چین دوستی نئی بلندیوں کو چھو رہی ہے، مضبوط دفاعی تعلقات اس عظیم دوستی کی اساس ہیں جن کو وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ مزید تقویت ملی ہے۔
اداریہ پر ایس ایم ایس اور واٹس ایپ رائے دیں00923004647998