کولمبو میں پاک بھارت ٹاکرے کا بڑا دن آ گیا۔ شاہین آفریدی، نسیم شاہ اور حارث رؤف کی صورت میں پیس بیٹری ہندوستانی بلے بازوں کے خلاف چارج ہونے کے لیے تیار ہے۔
بھارتی بلے باز روہیت شرما، کوہلی اور ایشان کشن پاکستانی بولرز سے پرانا ادھار چکانے کےلیے بے قرار ہیں۔
کرکٹ پنڈت کہتے ہیں کہ وکٹ بولرز کےلیے مددگار ہے۔ کون کرے گا کس پر وار؟ کابل سے کولمبو تک دو ارب کرکٹ شائقین کو ہے اسکا انتظار۔
ایشیا کپ کے سپر فور مرحلے میں پاک بھارت میچ آج کولمبو میں کھیلا جائے گا۔ پاکستان ٹیم نے پریماداسا اسٹیڈیم میں ٹریننگ سیشن کیا اور بیٹنگ اور فیلڈنگ کی پریکٹس کی۔
کولمبو کے پریماداسا کرکٹ اسٹیڈیم سے ملحقہ گراؤنڈ میں پاکستان ٹیم نے میچ کی تیاریوں کےلیے بھر پور ٹریننگ سیشن کیا۔
کھلاڑیوں نے وارم اپ اور فزیکل ٹریننگ کے بعد نیٹ پر بیٹنگ اور بولنگ کی مشقیں کیں۔
پاکستان ٹیم کے کپتان بابر اعظم کا پریس کانفرنس میں کہنا تھا کہ میچز اور ٹورنامنٹ فاسٹ بولرز ہی جتواتے ہیں انہیں اپنے بولرز پر فخر ہے۔
دوسری جانب بھارتی ٹیم نے بھی اہم مقابلے لیے بھرپور ٹریننگ کی۔ انجری کے بعد ٹیم کو جوائن کرنے والے کے ایل راہول بھی پریکٹس میں دکھائی دیے۔
بھارتی ٹاپ آرڈر بیٹر شبمن گل نے پریس کانفرنس میں کہا کہ شاہین اور نسیم الگ الگ طرح کے بولرز ہیں۔ شاہین سوئنگ کرتے ہیں، نسیم پیس کے ساتھ رائٹ ایریا میں گیند پھنکنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔
پاکستان نے ایشیاکپ میں روایت برقرار رکھتے ہوئے ایک روز قبل پلیئنگ الیون کا اعلان کردیا ہے۔
فہیم اشرف ٹیم شامل ہیں جبکہ پاکستان چار فاسٹ بولرز کے ساتھ میدان میں اترے گی۔
پاکستان اور بھارت کے درمیان سپر فور کا میچ دوپہر ڈھائی بجے شروع ہوگا۔