پاکستان شوبز انڈسٹری سے وابستہ اداکار و ہدایت کار یاسر حسین نے بتادیا کہ ایشیا کپ کے دوران بارش کے باعث مسلسل دوسری بار سنسی خیز پاک بھارت میچ متاثر ہونے سے اصل نقصان کس کا ہوا۔
خیال رہے کہ یاسر حسین اپنے بھائی اور چند دوستوں کے ہمراہ ان دنوں سری لنکا میں موجود ہیں، اس دوران انہوں نے ایشیا کپ میں ہونے والے روایتی حریفوں پاکستان و بھارت کا میچ دیکھنے کا فیصلہ کیا تو بارش نے انہیں مایوس کر دیا۔
انہوں نے میڈیا نمائندے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ بارش کی وجہ سے اسٹیڈیم میں شائقین کا رش توقع سے کم تھا۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ میزبان ملک ہونے کے باعث میچ پاکستان میں ہی ہونے چاہیئے تھے، گراؤنڈ میں موجود کئی بھارتیوں کا بھی یہ ہی خیال تھا کہ میچز پاکستان میں ہونے چاہیئے تھے، وہ اپنی ہی حکومت کو بُرا بھلا کہہ رہے تھے۔
میڈیا نمائندے سے بات چیت کرتے ہوئے ان کے سوال ’کیا پاکستان کو بارش کا فائدہ ہوا یا نقصان؟‘ کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ ’ہمیں نقصان ہوگیا، ہم اتنی دور سے آئے ہیں میچ دیکھنے کے لئے لیکن پورا میچ نہیں دیکھ سکے۔
انہوں نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے مزید کہا کہ میچ بہت اچھا چل رہا تھا پاکستان 2 وکٹیں لے کر میچ میں واپس آگیا تھا، بارش نہ ہوتی تو میچ چلتا رہتا تو اچھا ہوتا، ویرات کوہلی بھی دباؤ میں آگئے تھے۔
انہوں نے کہا کہ وسیم اکرم کے بعد شاہین آفریدی ان کی ٹکر کا بالر ہے، پاکستان کی ٹیم اس وقت بہت اچھی پوزیشن میں ہے ہمارے لئے میچ جیتنا مشکل نہیں ہوگا، ساتھ ہی انہوں نے کہا کہ وہ شاہین آفریدی کے علاوہ نسیم شاہ کی بالنگ کے بھی مداح ہیں، جبکہ انہوں نے بیٹنگ میں بابر اعظم سے امیدیں جوڑ لیں۔ انہوں نے بھارتی کھلاڑی ویرات کوہلی کی بھی تعریف کی۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز پاکستان نے ٹاس جیت کر بھارت کو پہلے کھیلنے کی دعوت دی مگر یہ فیصلہ درست ثابت نہ ہوا کیونکہ بھارتی اوپنرز شبمن گل اور روہت شرما جم کر کھیلے، دونوں کے درمیان 100 رنز کی پارٹنر شپ قائم ہوئی لیکن وقت پر ہی پاکستانی باؤلرز نے کم بیک کرتے ہوئے 123 کے مجموعی اسکور پر ان کے دونوں اوپنرز کو پویلین کی راہ دکھا دی۔
بارش کے باعث میچ متاثر ہونے سے قبل کریز پر ویرات کوہلی اور کے ایل راہول موجود تھے اور بھارتی ٹیم کا اسکور 2 وکٹوں کے نقصان پر 147 رنز ہوگیا تھا۔