ایشیا کپ سپر فور مرحلے کے میچ میں بھارت نے پاکستان کو 228 رنز کے بھاری مارجن سے شکست دے کر ون ڈے کرکٹ کی تاریخ میں پاکستان کے خلاف سب سے بڑی فتح حاصل کرلی۔
کولمبو کے پریما داسا اسٹیڈیم میں دو روز تک جاری رہنے والے ایک روزہ میچ میں بھارت کے 356 رنز کے جواب میں پاکستان کی بیٹنگ 128 رنز پر تمام ہوگئی اور یوں بھارت 228 رنز کے بھاری مارجن سے یہ میچ جیت گیا۔
یہ پاکستان کیخلاف بھارت کی ون ڈے کرکٹ میں سب سے بڑی فتح ہے۔
اس سے قبل بھارت نے 2009 میں پاکستان کو 140 رنز سے ہرایا تھا جبکہ برمنگھم میں چیمپئنز ٹرافی کے میچ میں بھارت نے پاکستان کو 124 رنز سے شکست دی تھی۔
دوسری جانب 228 رنز کی شکست ون ڈے کرکٹ میں پاکستان کی کسی بھی ٹیم کے ہاتھوں دوسری بدترین شکست ہے۔ پاکستان ٹیم کو بدترین شکست 234 رنز سے سری لنکا کے ہاتھوں 2009 میں ہوئی تھی۔
کرکٹ کی تاریخ میں پاکستان ٹیم صرف تیسری مرتبہ 200 رنز سے زائد کے مارجن سے ہاری ہے۔ 2002 میں پاکستان کو آسٹریلیا نے نیروبی میں 224 رنز سے ہرایا تھا۔