آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی کے زیر اہتمام پاکستان تھیٹر فیسٹیول کے چوتھے روز امریکی تھیٹر گروپ اپ لفٹ کی جانب سے تھیٹر پلے ” تھرو دا ویوز“ پیش کیا گیا، جس میں امریکن قونصل خانے کی ثقافتی اتاشی نے خصوصی شرکت کی۔
”تھرو دا ویوز“ فزیکل تھیٹر تھا جس میں ڈائیلاگز کے بغیر صرف موسیقی اور ایکٹنگ کے ذریعے تین خواتین کی کہانی کو خوبصورتی سے پیش کیا گیا، جسے شائقین کی جانب سے بے حد سراہا۔
اس موقع پر امریکن قونصل خانے کی ثقافتی اتاشی اناماریا کاریلز (Anamaria karrels) نے اظہارِ خیال کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے لئے اعزاز ہے کہ امریکی تھیٹر گروپ آرٹس کونسل کراچی میں پرفارم کر رہا ہے، بطور میزبان تمام حاضرین کو خوش آمدید کہتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان تھیٹر فیسٹیول میں ثقافتی سفارتکاری ہورہی ہے، جس کے ذریعے ایک دوسرے کی تاریخ اور نقطہ نظر سمجھنے میں مدد مل رہی ہے۔
آخر میں امریکی تھیٹر گروپ کے فنکاروں نے کہا کہ پاکستانی تھیٹر شائقین کے سامنے پرفارم کرنا بہت زبردست تجربہ ہے، آگے بھی یہ سلسلہ جاری رکھیں گے۔