آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی میں جاری ”پاکستان تھیٹر فیسٹیول“ کے تیسرے روز سری لنکن ڈانس گروپ کی جانب سے سری لنکا کے روایتی رقص پر مبنی پروگرام کانیا (Kanya) کا انعقاد کیا گیا۔
پروگرام میں صدر آرٹس کونسل احمد شاہ، قونصل جنرل سری لنکا جگت ابیورنا سمیت مختلف ممالک کے سفارتکاوں نے شرکت کی۔
کانیا میں معروف گلوکار احسن باری، سری لنکن گلوکار سونال پرابھاشیتا، پاکستانی گلوکارہ سونیا اور منیب خان نے اپنی آواز کا جادو جگایا۔
سری لنکن ڈانس گروپ چندانا وکرماسنگھے ڈانسرز گلڈ نے ”لیلا میں لیلا“، ہیرٹیج آف سری لنکا، ٹریڈشنل دیوداسی، ردھم راتا کے عنوان پر مبنی زبردست رقص پیش کیا اور تھماتم (Thammattam) پر ڈرم بجایا۔
سری لنکن گلوکار سونال پرابھاشیتا کے ساتھ احسن باری نے مشترکہ میوزیکل پرفارمنس دی جبکہ سونال پرابھاشیتا نے پاکستانی گلوکارہ سونیا کے ساتھ مل کر عالمی شہرت یافتہ پاکستانی گانا ”پسوڑی“ گا کر محفل لوٹ لی۔
اس موقع پر صدر آرٹس کونسل احمد شاہ نے اظہارِ خیال کرتے ہوئے کہا کہ آج پاک سری لنکا دوستی کو 75 سال مکمل ہوچکے ہیں، ہمیں پاکستان اور سری لنکا کی دوستی پر فخر ہے، سری لنکا کے فنکاروں نے زبردست پرفارم کیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ قونصل جنرل سری لنکا کا شکر گزار ہوں کہ وہ یہاں موجود ہیں، یہ سری لنکن ڈانس گروپ اسلام آباد اور لاہور میں بھی پرفارم کرے گا۔
احمد شاہ نے کہا کہ پاکستان اور سری لنکا کے فنکاروں کو آپس میں پرفارم کرنا چاہیے تاکہ دونوں ملکوں کی ثقافت پروان چڑھ سکے۔
قونصل جنرل سری لنکا جگت ابیورنا نے کہا کہ میں بہت خوش ہوں، آرٹس کونسل کراچی میں اتنا زبردست پروگرام منعقد کیا گیا، آج ہم پاک سری لنکا سفارتی تعلقات کا جشن منا رہے ہیں۔
آخر میں سری لنکا کا ملی نغمہ پیش کیا گیا، بعد ازاں سری لنکن فنکاروں میں سووینئر اور ایوارڈ تقسیم کیے گئے۔