• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ایشین گیمز: اسکواش مقابلوں کے ڈراز کا اعلان، پاکستان کی ٹیمیں بھارت کے ساتھ گروپس میں شامل

اس ماہ چین میں ہونے والے ایشین گیمز کے اسکواش مقابلوں کے ڈراز کا اعلان کردیا گیا ہے۔ پاکستان مینز، ویمنز اور مکسڈ ٹیم مقابلوں میں بھارت کے ساتھ گروپس میں شامل ہے۔

ایشین گیمز اسکواش کے مقابلے 26 ستمبر سے 5 اکتوبر تک ہوں گے جس میں پاکستان کے 8 پلیئرز شریک ہوں گے۔

مینز سنگلز میں عاصم خان پہلے راؤنڈ میں سنگاپور کے لیان آرون وڈجاجا سے مقابلہ کریں گے جبکہ ناصر اقبال مینز سنگلز کے پہلے راؤنڈ میں تھائی لینڈ کے ناتھاپٹ تھراسلپ کے مدمقابل ہوں گے۔

ویمنز سنگلز میں پاکستان کی نورالعین اعجاز پہلا راؤنڈ منگولیا کی پلیئر سے کھیلیں گی۔ نور الہدیٰ صادق کو پہلے راؤنڈ میں بائی مل گیا ہے۔

ویمنز ٹیم ایونٹ میں پاکستان اور بھارت ایک ساتھ پول بی میں شامل ہیں۔ پول بی میں پاکستان ویمنز ٹیم ملائیشیا، مکاؤ اور نیپال سے بھی مقابلہ کرے گی جبکہ مینز ٹیم میں پاکستان، بھارت، کویت، قطر، سنگاپور اور نیپال پول اے میں شامل ہیں۔

ایشین گیمز اسکواش مکسڈ ڈبلز میں پاکستان کی دو ٹیمیں شریک ہوں گی۔ سعدیہ گل اور فرحان زمان کی ٹیم پول ڈی جبکہ نور زمان اور مہوش علی پول اے میں شامل ہیں۔

ایشین گیمز میں اسکواش 1998 سے شامل ہے اور پاکستان نے اب تک 2 گولڈ، 3 سلور اور 3 برانز میڈلز جیتے ہیں۔ 2018 میں ہونے والے مقابلوں کے دوران پاکستان نے مینز ٹیم ایونٹ میں برانز میڈل جیتا تھا۔

ایشین گیمز میں پاکستان نے آخری گولڈ 2010 میں مینز ٹیم میں جیتا تھا۔

کھیلوں کی خبریں سے مزید