وفاقی تحقیقاتی ادارے ایف آئی اے اسٹیٹ بینک سرکل کے عملے نے کراچی کے علاقے صدر کی موبائل مارکیٹ میں کارروائی کرتے ہوئے حوالہ ہنڈی کے کاروبار کے الزام میں ایک دکاندار کو گرفتار کر لیا۔
ترجمان ایف آئی اے کے مطابق ڈائریکٹر کراچی زون عبدالسلام کی ہدایت پر ڈپٹی ڈائریکٹر اسٹیٹ بینک سرکل ایاز مہر کی زیر نگرانی چھاپہ مار کارروائی کی گئی۔
ٹیم نے اسٹار سٹی مال، صدر کراچی میں واقع موبائل شاپ پر چھاپہ مارا، جس کے دوران عبدالکریم نامی حوالا آپریٹر کو گرفتار کیا گیا۔
ملزم حوالہ ہنڈی اور کرنسی کی غیر قانونی ایکسچینج میں ملوث تھا۔ ملزم کے قبضے سے 3 لاکھ 52 ہزار 500 روپے، 1500 سعودی ریال برآمد ہوئے۔
ملزم سے 16 آئی فونز، 3 ون پلس موبائل فونز، 2 گوگل موبائل فونز، 9 سام سنگ موبائل فونز اور 2 لیپ ٹاپ بھی برآمد کر لیے گئے۔
ترجمان کے مطابق برآمد ہونے والے موبائل فونز اور لیپ ٹاپس کی کل مالیت 62 لاکھ روپے سے زائد ہے، ملزم نے مذکورہ موبائل فونز دبئی سے خریدے تھے۔
ملزم نے کسٹم ڈیوٹی ادا کیے بغیر موبائلز کو دبئی سے کراچی ایئرپورٹ پر اسمگل کیا۔ ملزم نے خریدے گئے موبائل فونز کی ادائیگیاں غیر قانونی طور پر حوالہ کے ذریعے دبئی بھجوائی۔
ملزم کے خلاف سب انسپکٹر آفتاب علی سومرو نے مقدمہ درج کر کے تفتیش کا آغاز کر دیا۔