پیپلزپارٹی کے رہنما اور سابق وزیر اطلاعات سندھ شرجیل انعام میمن کا کہنا ہے کہ جب بھی انتخابات ہوں گے تو ملک بھر سے پیپلز پارٹی اکثریت کے ساتھ کامیاب ہوگی۔
شرجیل انعام میمن نے کہا کہ ہمارے دور میں انرجی ڈپارٹمنٹ نے 2 لاکھ سے زائد گھروں کو سولر سسٹم فراہم کیا۔
اُنہوں نے کہا کہ ہم نے سیلاب زدہ لوگوں کو گھر بنا کر دیے اور سولر سسٹم لگا کر دیے، بلاول بھٹو نے ایک ویژن کے ساتھ عوام کو ریلیف فراہم کیا ہے اور اب ان کی خواہش ہے کہ باقی صوبوں میں بھی اس طرح گھر بنا کر دینے چاہیئں۔
شرجیل انعام میمن نے کہا کہ سی پیک کے بانی آصف علی زرداری ہیں چاہے ہمارے خلاف کتنا بھی پروپگینڈا کیا جائے پیپلز پارٹی سرپرائز دے گی۔
اُنہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی ملک کے لیے بدترین مخالف کے ساتھ بھی بیٹھنے کو تیار ہے، سب کو مل کر بٹھانے کی صلاحیت صرف آصف زرداری میں ہے۔
شرجیل انعام میمن نے کہا کہ ملک کے عوام پریشان ہیں، لوگ بجلی کے مہنگے بلوں کے خلاف نکل رہے ہیں، تمام پریشانیوں کا حل پیپلز پارٹی ہےاگر عوام کو کوئی مہنگائی کے طوفان سےنکال سکتاہے تو وہ پیپلز پارٹی ہے۔
اُنہوں نے کہا کہ تھر کے کوئلے سے سستی بجلی فراہم کی جارہی ہے اور اس سے کراچی میں بھی سستی بجلی بن رہی ہے۔
شرجیل انعام میمن نے کہا کہ پاکستان کے سب سے اچھے اسپتال سندھ میں ہیں جہاں سو فیصد مفت علاج ہو رہا ہے اور صوبے کے ہر ضلع میں دل کے امراض کا مفت علاج کیا جارہا ہے، ہم نے ریسکیو 1122 کی سروس بھی فراہم کی۔
اُنہوں نے سابق چیف جسٹس پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ عطا بندیال کو تو ملکی اداروں کو تباہ کرنے کے لیے چیئرمین پی ٹی آئی کے خلاف سوموٹو لینا چاہیئے تھا۔
اُنہوں نے سوال کیا کہ عطا بندیال کو نیب اور کرپشن کا اتنا خیال تھا تو بی آر ٹی پر اسٹےکیوں دیا؟
شرجیل انعام میمن نے کہا کہ لیول پلیئنگ فیلڈ کا مطلب یہ ہے کہ ہم چاہتے ہیں انتخابات آزاد اور شفاف ہوں، کسی جماعت کو انتخابات پر اعتراضات نہیں ہونے چاہیئں۔
انہوں نے کہا کہ ہر جماعت میں کچھ اچھے برے لوگ ہوسکتے ہیں ہم پیر پگارا صاحب کا دل سے احترام کرتے ہیں۔
شرجیل انعام میمن نے کہا کہ جب الیکشن کا اعلان ہوگا تو ہم کسی سے بھی اتحاد کا فیصلہ کریں گے اور ہم نے یہ کبھی نہیں کہا کہ پیر پگارا سے اتحاد نہیں ہوسکتا۔
اُنہوں نے کہا کہ ن لیگ اور پیپلز پارٹی الگ جماعتیں ہیں ہمارے نظریات اور طرز سیاست مختلف ہیں۔