• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عوام چند ماہ میں نئی حکومت منتخب کریں گے، انوار الحق کاکڑ

نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ کا کہنا ہے کہ عوام آئندہ چند ماہ میں نئی حکومت کا انتخاب کر لیں گے، نگراں حکومت کا مینڈیٹ آزاد اور شفاف انتخابات یقینی بنانا ہے۔

نیویارک میں کونسل آن فارن ریلیشنز فورم پر خطاب کرتے ہوئے نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے کہا کہ مستحکم اور جمہوری پاکستان ہماری ترجیح ہے، حکومت میں پاکستانیوں کی مکمل نمائندگی یقینی بنائیں گے۔

وزیراعظم نے کہا کہ پاک امریکا تعلقات کئی دہائیوں پر محیط ہیں جو پھلتے پھولتے رہیں گے، ہمیں پاکستان میں امریکی سرمایہ کاری بڑھانے پر کام کرنے کی ضرورت ہے، پاکستان میں کاروباری ماحول ترجیحی طور پر بہتر بنانے پر کام کر رہا ہوں۔

انہوں نے کہا کہ  بطور نگراں وزیراعظم ترجیحی طور پر امریکی سرمایہ کاری بڑھانے کی کوشش کر رہا ہوں، پاکستان میں 80 امریکی کمپنیاں بھرپور طریقے سے کام کر رہی ہیں، فارن ڈائریکٹ سرمایہ کاری کیلئے اسپیشل انویسٹمنٹ فیسلیٹیشن کونسل قائم کی ہے، کونسل قائم کرنے کا مقصد پاکستان کو سرمایہ کاری کی پرکشش منزل بنانا ہے۔

انوار الحق کاکڑ نے کہا کہ خصوصی طور پر زراعت، کان کنی، آئی ٹی دفاعی پیداوار میں سرمایہ کاری چاہتے ہیں، امریکا میں پاکستانی کمیونٹی بھرپور انداز میں کردار ادا کر رہی ہے، پاکستانی نژاد امریکی دونوں ملکوں کے درمیان پل کا کردار ادا کر رہے ہیں، آج کے دور میں درپیش چیلنجز پیچیدہ ہوگئے ہیں۔

نگراں وزیراعظم  نے کہا کہ امیر، غریب میں معاشی تقسیم، کووڈ۔19 جیسی وبا نے اربوں انسانوں کو متاثر کیا ہے، امریکا، پاکستان باہمی مفاد کے سمجھوتوں کو فائدہ مند بنانے کیلئے شراکت داری مضبوط بنائیں، پاکستان تاحال ماحولیاتی تبدیلی کے نتیجے میں سیلاب سے ہوئی تباہی سے ریکور کر رہا ہے، پاکستان گرین ہاؤس گیسز میں اضافے کا صرف ایک فیصد ذمہ دار ہے۔

انوارالحق کاکڑ نے کہا کہ پاکستان ماحولیاتی تبدیلی سے سامنا کرنے والوں میں فرنٹ لائن اسٹیٹ ہے، پاکستان کاربن کے اخراج میں کمی کیلئے بھرپور کوشش کر رہاہے، صورتحال تقاضہ کر رہی ہے کہ ماحولیاتی انصاف کیلئے اجتماعی رد عمل سامنے آئے۔

قومی خبریں سے مزید