پاکستان پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما لطیف کھوسہ کی پارٹی رکنیت معطل کر دی گئی۔
ترجمان پیپلز پارٹی کے مطابق سیکریٹری جنرل پیپلز پارٹی کی جانب سے لطیف کھوسہ کی سی ای سی کی رکنیت بھی معطل کر دی گئی ہے۔
یاد رہے کہ سیکریٹری جنرل پیپلز پارٹی نیّر بخاری نے ایک ہفتہ قبل لطیف کھوسہ کو شوکاز نوٹس جاری کیا تھا۔
ترجمان پیپلز پارٹی کے مطابق لطیف کھوسہ نے مدت پوری ہونے کے باوجود شوکاز نوٹس کا جواب نہیں دیا تھا۔
واضح رہے کہ پیپلز پارٹی کے رہنما لطیف کھوسہ نے شوکاز کی خبروں پر ردِ عمل کا اظہار کرتے کہا تھا کہ اِنہیں تاحال کوئی شوکاز نوٹس موصول نہیں ہوا۔
اُن کا کہنا تھا کہ نوٹس ملنے پر جواب دینے یا نہ دینے کا فیصلہ کروں گا، پیپلز پارٹی میری جماعت ہے مجھے کون پارٹی سے نکال سکتا ہے؟
لطیف کھوسہ کا ایک انٹرویو میں یہ بھی کہنا تھا کہ پارٹی کے سی ای سی اجلاس میں شرکت کی دعوت موصول ہوئی ہے، سپریم کورٹ میں مصروفیت کی وجہ سے اجلاس میں شرکت نہیں کروں گا۔