آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی میں جاری پاکستان تھیٹر فیسٹیول کے چودھویں روز سری لنکن اسٹیجز تھیٹر گروپ کی جانب سے تھیٹر Ken B Eniwan`s Story پیش کیا گیا۔
صدر آرٹس کونسل محمد احمد شاہ سمیت سری لنکا، اومان، انڈونیشیا اور ملائیشیا کے قونصل جنرلز نے خصوصی شرکت کی۔ اس موقع پر صدر آرٹس کونسل محمد احمد شاہ نے کہاکہ سری لنکا کے قونصل جنرل جگت ابیورنا نے اس فیسٹیول میں سری لنکن گروپس کی پرفارمنسز کو یقینی بنانے میں بھرپور تعاون کیا۔
سری لنکا کے ڈانس گروپ نے پاکستان تھیٹر فیسٹیول میں اپنے ثقافتی رقص کا شاندار مظاہرہ کیا۔
محمد احمد شاہ نے کہا کہ سری لنکا قونصل جنرل ثقافتی فروغ کے لیے بھرپور کام کر رہے ہیں۔ قونصل جنرل اومان، انڈونیشیا اور ملائیشیا کو خوش آمدید کہتے ہیں۔
Ken B Eniwan`s Story کو ہدایت ہزیر اور روانتھی ڈی چکیرا نے ڈیزائن کیا ہے، جبکہ شالا اماراسوریا، بھانو ایکانائیکا، ٹریسی جیاسنکھے، اوشادا کماری کندا، اکالانکا پرابرشوارا، دوبندا سندارووان، ہدایت ہزیر اور وموکتی کیریلا سمیت آرٹس کونسل تھیٹر اکیڈمی کی طالبات مرحبا نور اور کومل حیات ویرجی نے بہترین پرفارمنس کا مظاہرہ کیا۔
یہ ڈرامہ ایک ایسے شخص کی کہانی ہے جس نے ہمیشہ زندگی گزارنے کا ایک طریقہ منتخب کیا حالانکہ زندگی نے اسے جینے کے دو مواقع دیے۔
اس کہانی کا مرکزی کردار اپنی زندگی کے مختلف مراحل سے گزرتا ہے اور یا تو وہ صرف ایمان یا خوف سے جینے کا انتخاب کرتا ہے۔
شائقین کی بڑی تعداد نے تھیٹر میں شرکت کی اور فنکاروں کی پرفارمنس کو خوب سراہا۔