جنوبی کوریا کے مشہور پاپ بینڈ بی ٹی ایس کے ریپر سوگا نے اپنی لازمی فوجی سروس شروع کردی ہے۔
اس حوالے سے سوشل میڈیا پر سوگا نے لکھا کہ میں ایمانداری سے اپنی ڈیوٹی پوری کروں گا اور واپس آؤں گا۔
غیرملکی میڈیا کے مطابق چونکہ جنوبی کوریا اب بھی تکنیکی طور پر شمالی کوریا کے ساتھ جنگ میں ہے اور جنوبی کوریا میں تمام صحت مند مردوں کو 28 سال کے ہونے تک فوج میں خدمات انجام دینا ہوتی ہیں۔
رپورٹس کے مطابق اس بنیاد پر ایک عرصے سے یہ افواہیں گردش کر رہی تھیں کہ حکومت بی ٹی ایس کے اراکین کو سروس چھوڑنے کی اجازت دے سکتی کیونکہ یہ اراکین پہلے ہی اربوں ڈالر اپنے ملک کے لیے کما چکے ہیں اور انہیں یہی کام جاری رکھنے کی اجازت دینا زیادہ فائدے مند ہو گا۔
غیرملکی میڈیا کے مطابق سوگا نے دسمبر 2022 میں اپنی سروس شروع کی تھی جب انہیں فرنٹ لائن بوٹ کیمپ میں تعینات کیا گیا تھا تاہم انہیں باقاعدہ جنگی ڈیوٹی کے لیے نااہل قرار دیا گیا تھا اور بتایا گیا ہے کہ وہ سوشل سروس ایجنٹ کے طور پر کام کریں گے۔
مقامی میڈیا کے مطابق سوگا کی متبادل سروس کا تعلق کندھے کی سرجری سے ہے جس کی انہیں 2020 میں ضرورت پڑی تھی۔
غیرملکی میڈیا کے مطابق جنوبی کوریا میں 18 سے 28 سال کے تمام جسمانی طور پر فٹ مردوں کو 2 سال کے لیے لازمی فوجی سروس کرنی ہوتی ہے لیکن بی ٹی ایس کے ممبرز کے لیے خصوصاً 30 سال کی عمر تک کی نرمی برتی گئی ہے۔
فوجی خدمات کے لازمی ہونے کی بنیادی وجہ مضبوط قومی دفاع کو برقرار رکھنے کی ضرورت ہے۔
اس سے قبل گزشتہ سال دسمبر میں بینڈ کے سب سے بڑے ممبر 30 سالہ کم سی اوک جن نے بھی 18 ماہ کی اپنی لازمی فوجی تربیت کا آغاز فرنٹ لائن جنوبی کورین یونٹ کیمپ سے کی تھا۔
خیال رہے کہ بی ٹی ایس نے 2013 میں اپنے پہلے گانے ’نو مور ڈریمز‘ کے ساتھ کورین پاپ موسیقی کو دنیا بھر میں متعارف کروایا تھا جس کے بعد اس بینڈ نے دنیا بھر میں بےحد مقبولیت حاصل کی تھی تاہم 9 سال بعد کورین پاپ بینڈ بی ٹی ایس ارکان نے انفرادی طور پر پروجیکٹس کرنے کا اعلان کیا تھا۔