کئی دنوں کی کشمکش اور غیر معمولی تاخیر کے بعد بلآخر بھارتی حکومت نے پاکستان کرکٹ ٹیم کو ویزے جاری کردیے ہیں۔
بھارت میں ہونے والے آئی سی سی کرکٹ ورلڈکپ 2023 میں شرکت کےلیے پاکستان اسکواڈ کے بھارتی ویزے مل گئے۔
بھارتی حکومت سے کلیئرنس ملنے کے بعد پاکستان کرکٹ ٹیم کو آج ویزا لگے پاسپورٹ دے دیے گئے۔
بھارتی ہائی کمیشن نے حکومتی منظوری کے بعد پاکستان اسکواڈ کو ویزے جاری کیے، پی سی بی کے نمائندے نے بھارتی ہائی کمیشن سے پاسپورٹ وصول کرلیے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ نے 33 پلیئرز و آفیشل کے ویزوں کےلیے اپلائی کیا تھا، حکومتی منظوری کے بعد بھارتی ہائی کمیشن نے پی سی بی کو ایک گھنٹہ میں ویزوں کے اجرا کا کہا تھا۔
پی سی بی کی خواہش پر بھارتی ہائی کمیشن نے دفتری اوقات کے بعد پاسپورٹ واپسی کے انتظامات کیے۔
پاکستان کرکٹ ٹیم بدھ کی علی الصبح بھارت کےلیے روانہ ہوگی جہاں وہ 29 ستمبر کو حیدر آباد میں پہلا وارم اپ میچ نیوزی لینڈ کے خلاف کھیلے گی۔
اس سے قبل بھارتی حکومت کی جانب سے این او سی کے اجرا میں تاخیر کی وجہ سے پاکستان ٹیم کی ورلڈکپ کےلیے روانگی غیر یقینی صورتحال کا شکار تھی جس پر پی سی بی نے آئی سی سی کو خط بھی لکھا تھا۔