• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کرکٹرز سینٹرل کنٹریکٹس کا اعلان، معاوضوں میں 202 فیصد تک اضافہ، آئی سی سی آمدنی سے بھی حصہ ملے گا

کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان کرکٹ بورڈ نے تقریباً چار ماہ بعد سینٹرل کنٹریکٹس کا اعلان کردیا۔ اس متعلق مذاکرات کئی ہفتوں سے جاری تھے۔ اگلے تین سال کیلئے جاری نئے معاہدوں کا اطلاق یکم جولائی 2023ء سے30 جون 2026ء تک ہوگا۔ کیٹیگری اے میں بابر اعظم ، محمد رضوان اور شاہین آفریدی ، کیٹیگری بی میں فخر زمان ، حارث رؤف ، امام الحق ، محمد نواز، نسیم شاہ اور شاداب خان، کیٹیگری سی میں عماد وسیم ، عبداللہ شفیق جبکہ کیٹیگری ڈی میں فہیم اشرف، حسن علی افتخار احمد، احسان اللہ ، محمد حارث، محمد وسیم جونیئر، صائم ایوب، سرفراز احمد، سلمان آغا ، سعود شکیل ، شاہنواز دہانی، شان مسعود ، اسامہ میر اور زمان خان شامل ہیں۔ ہر کٹیگری کے معاوضے میں بالترتیب 202 ، 144 ، 135اور 127فیصد اضافہ کیا گیا ہے۔ ٹیسٹ میچ فیس میں پچاس فیصد، ون ڈے میں پچیس فیصد اور ٹی ٹوئنٹی میں ساڑھے بارہ فیصد اضافہ ہوا ہے۔25 کرکٹرز کو سینٹرل کنٹریکٹس دیے گئے ہیں جس میں آئی سی سی آمدنی کا حصہ بھی شامل ہے۔ سینٹرل کنٹریکٹ یافتہ کرکٹرز کو ڈومیسٹک کرکٹ کھیلنے پر انٹرنیشنل میچ فیس کا پچاس فیصد ملے گا۔ انہیں ہر سیزن میں دو غیرملکی لیگز کھیلنے کی اجازت ہوگی۔ کھلاڑیوں کی کارکردگی کا ہر سال جائزہ لیا جائے گا ۔ریڈ بال اور وائٹ بال کنٹریکٹس کو ضم کردیا گیا ہے۔ بابر اعظم نے اس معاہدے کو تاریخ ساز قرار دیتے ہوئے چیئرمین پی سی بی مینجمنٹ کمیٹی ذکا اشرف کا خاص طور پر شکریہ ادا کیا ہے ۔ جنگ کی تحقیق کے مطابق حیران کن طور پر نیوزی لینڈ کے خلاف کم بیک کرنے اور پلیئر آف دی سیریز سرفراز احمد کو ڈی کٹیگری دی گئی ہے۔ ایمرجنگ کیٹگری کو ختم کردیا گیا ہے۔

اسپورٹس سے مزید