نگراں وزیرِ داخلہ بلوچستان میر محمد زبیر جمالی نے کہا ہے کہ نبیٔ آخر الزماں حضرت محمد صلی اللّٰہ علیہ وسلم نے مذہبی، لسانی، معاشرتی تعصبات سے پاک معاشرے کی بنیاد رکھی۔
بلوچستان کے نگراں وزیرِ داخلہ میر محمد زبیر جمالی نے عیدِ میلاد النبی ﷺ کے موقع پر پیغام جاری کیا ہے۔
ان کا مزید کہنا ہے کہ اللّٰہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ ہمیں اسوۂ حسنہ پر عمل کی توفیق اور ہمت دے۔
نگراں وزیرِ داخلہ میر محمد زبیر جمالی کا یہ بھی کہنا ہے کہ آج 1400 پولیس اہلکار جلوسوں کی سیکیورٹی کی ڈیوٹی سر انجام دے رہے ہیں۔
واضح رہے کہ آج سرکارِ دو عالم حضرت محمد ﷺ کی ولادت کا جشن ملک بھر میں مذہبی عقیدت و احترام کے ساتھ منایا جا رہا ہے۔
درود و سلام کی گونج اور توپوں کی سلامی سے یومِ عیدِ میلادالنبی ﷺ کا آغاز ہوا۔
ملک بھر میں چھوٹی بڑی عمارتوں کو خوبصورتی سے سجایا گیا ہے اور ہر جانب روشنی اور فضا میں درود و سلام کی صدائیں ہیں۔
ملک کے ہر کونے میں فضا معطر ہے اور سب اپنے اپنے انداز میں خاتم النیین، رحمۃ اللعالمین، وجۂ تخلیقِ دو جہاں، پیغمبرِ اسلام حضرت محمد صلی اللّٰہ علیہ وسلم سے عقیدت و محبت کا اظہار کر رہے ہیں۔
میلادِ مصطفیٰ ﷺ کے حوالے سے نعتوں کی محافل کا انعقاد بھی جاری ہے اور ملک کے چھوٹے بڑے شہروں میں جلوس بھی نکالے جا رہے ہیں۔