سرکارِ دو عالم حضرت محمد ﷺ کی ولادت کا جشن ملک بھر میں مذہبی عقیدت و احترام کے ساتھ منایا جا رہا ہے، عاشقانِ رسول صلی اللّٰہ علیہ وسلم کے جلوس مقرر کردہ راستوں پر گامزن ہیں۔
درود و سلام کی گونج اور توپوں کی سلامی سے یومِ عیدِ میلادالنبی ﷺ کا آغاز ہوا۔
ملک بھر میں چھوٹی بڑی عمارتوں کو خوبصورتی سے سجایا گیا ہے اور ہر جانب روشنی اور فضا میں درود و سلام کی صدائیں ہیں۔
ملک کے ہر کونے میں فضا معطر ہے اور سب اپنے اپنے انداز میں خاتم النیین، رحمۃ اللعالمین، وجۂ تخلیقِ دو جہاں، پیغمبرِ اسلام حضرت محمد صلی اللّٰہ علیہ وسلم سے عقیدت و محبت کا اظہار کر رہے ہیں۔
میلادِ مصطفیٰ ﷺ کے حوالے سے نعتوں کی محافل کا انعقاد بھی جاری ہے اور ملک کے چھوٹے بڑے شہروں میں جلوس بھی نکالے جا رہے ہیں۔
جماعتِ اہلسنّت کراچی کے تحت مرکزی جلوس 3 بجے سہ پہر علامہ سید شاہ عبدالحق قادری و دیگر علماء و مشائخ کی قیادت میں نیو میمن مسجد بولٹن مارکیٹ سے برآمد ہو گا جو براستہ ایم اے جناح روڈ نشتر پارک پہنچے گا۔
جماعتِ اہلسنّت کراچی کے زیرِ اہتمام عظیم الشان جلسۂ عیدِ میلاد النبیﷺ شام 5 بجے نشتر پارک میں علامہ شاہ عبد الحق قادری کی زیرِ صدارت منعقد ہو گا۔
دوسری جانب ڈی آئی جی ایسٹ اظفر مہیسر کا کہنا ہے کہ ایسٹ زون میں 150 سے زائد جلوس اور محافل منعقد ہوں گی، تینوں اضلاع میں پولیس ہائی الرٹ ہے، کورنگی، ملیر ایسٹ میں سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔
ان کا کہنا ہے کہ 12 ربیع الاوّل کی مناسبت سے ضلع ساؤتھ میں مرکزی جلوس میمن مسجد سے برآمد ہو گا جو نشتر پارک میں اختتام پزیر ہو گا۔
آج لاہور میں دن کے آغاز پر ایوب اسٹیڈیم کینٹ میں 21 توپوں کی سلامی دی گئی، اس موقع پر فوجی جوانوں نے اللّٰہ اکبر کے بلند نعرے بھی لگائے اور ملک میں امن و سلامتی اور استحکام کی دعائیں بھی مانگی گئیں۔
آج کے دن کی سیکیورٹی سے متعلق آئی جی پنجاب کا کہنا ہے کہ عیدِ میلاد النبی ﷺ کی تقریبات کو بھرپور سیکیورٹی فراہم کی جا رہی ہے، سینٹرل پولیس آفس اور حساس اضلاع کی مانیٹرنگ کے لیے کنٹرول رومز فعال ہیں۔
ترجمان پولیس کے مطابق 46 ہزار سے زائد افسران اور اہلکار تعینات ہیں، لاہور میں 10 ہزار سے زائد افسران، اہلکار اور رضاکار سیکیورٹی پر مامور ہیں۔
راولپنڈی میں 136 جلوس برآمد ہوں گے
راولپنڈی میں بھی آج کم و بیش 136 جلوس برآمد ہوں گے، عید میلاد النبی ﷺ کے مرکزی جلوس کی طرف آنے والے راستے سیل کردیے گئے ہیں۔
راولپنڈی میں مری روڈ پر چاندنی چوک سے لیاقت باغ تک ٹریفک کو ایک رُخ پر ڈال دیا گیا ہے۔
پشاور میں بھی حضرت محمد ﷺ کی ولادت کا جشن
پشاور میں 12 ربیع الاوّل کا مرکزی جلوس رات 8 بجے میلاد چوک سے برآمد ہوگا جو کریم پورہ بازار،گھنٹہ گھر اور سبزی منڈی سے ہوتا ہوا قصہ خوانی پر اختتام پذیر ہوگا۔
پولیس کے مطابق 12 ربیع الاوّل پر 1500 سے زیادہ پولیس اہلکار فرائض سر انجام دیں گے، جلوس کی گزرگاہوں کے لیے سیکیورٹی کے خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں۔
اس سے متعلق پولیس کا کہنا ہے کہ ڈرونز، سی سی ٹی وی اور سرویلنس کیمروں کے ذریعے جلوسوں کی نگرانی کی جائے گی، جلوس کے راستے بم ڈسپوزل یونٹ اور سراغ رساں کتوں کے ذریعے کلیئر کیے جائیں گے اور شہر کے داخلی اور خارجی راستوں پر بھی چیکنگ سخت کی جائے گی۔
ملک کے دیگر حصوں کی طرح کوئٹہ میں بھی جشنِ میلاد النبی ﷺ مذہبی عقیدت و احترام سے منایا جا رہا ہے اور آج شہر میں جلوس بھی نکالے جائیں گے۔
کوئٹہ کے مختلف علاقوں سے 13 چھوٹے بڑے جلوس نکالے جائیں گے جو شہر کے وسطی علاقے باچاخان چوک پر جمع ہوں گے، جلوس کی سیکیورٹی کے لیے پولیس اور دیگر اداروں کے 4 ہزار اہلکار تعینات کیے گئے ہیں۔
جلوس لیاقت بازار، جنکشن چوک، پرنس روڈ، مسجد روڈ سے ہوتا ہوا منان چوک پر ایک بجے اختتام پزیر ہو گا جہاں اجتماعی دعا کی جائے گی۔
محکمۂ داخلہ کے مطابق جشنِ میلاد النبی ﷺ کے جلوس کے موقع پر موبائل فون سروس صبح 9 سے 2 بجے دن تک بند رہے گی۔
ملتان میں عیدِ میلاد النبی ﷺ کے سلسلے میں مرکزی ریلی قلعہ کہنہ قاسم باغ سے برآمد ہو گی جو چوک گھنٹہ گھر حسین آگہی بازار سے ہوتی ہوئی چوک بازار پہنچ کر اختتام پزیر ہو گی۔
علاوہ ازیں سرگودھا میں سید حامد علی شاہ مسجد کمپنی باغ سے مرکزی جلوس کا آغاز ہو گیا جس میں شہریوں کی بڑی تعداد ٹریکٹر ٹرالیوں اور بیل گاڑیوں پر سوار ہے۔