• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ایشین گیمز ہاکی ایونٹ: بھارت کی پاکستان کو 2-10 سے شکست

فوٹو: اسکرین گریب
فوٹو: اسکرین گریب

ایشین گیمز کے ہاکی ایونٹ میں بھارت نے پاکستان کو 2 کے مقابلہ میں 10 گول سے شکست دے دی۔ اس فتح کے ساتھ بھارتی ٹیم ایونٹ کے سیمی فائنل میں پہنچ گئی جبکہ پاکستان اور جاپان کے مابین میچ کوارٹر فائنل کی صورت اختیار کرگیا۔

چین کے شہر ہینگزو میں جاری 19ویں ایشین گیمز میں پاک بھارت ہاکی میچ یکطرفہ ثابت ہوا جہاں عالمی رینکنگ میں تیسرے نمبر پر موجود بھارتی ٹیم نے بہتر کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے عالمی رینکنگ میں 15ویں نمبر پر براجمان پاکستان ہاکی ٹیم کو دو کے مقابلے میں دس گول سے ہرادیا۔

بھارت کی جانب سے کپتان ہرمن پریت سنگھ نے ہیٹ ٹریک اسکور کرتے ہوئے چار گول کیے۔ ورون کمار نے 2 جبکہ شمشیر، لالیت کمار، سومیتھ اور مندیپ سنگھ نے ایک، ایک گول کیا۔

میچ میں پاکستان کی جانب سے رانا وحید اور صفیان خان نے ایک ایک گول کیا۔

اب ایونٹ میں پاکستان اور جاپان کے درمیان میچ کوارٹر فائنل کی صورت اختیار کرگیا ہے۔ 

پاکستان جاپان کے خلاف میچ برابر کر کے بھی سیمی فائنل کےلیے کوالیفائی کرسکتا ہے جبکہ جاپان کو سیمی فائنل کےلیے جیت لازمی درکار ہے۔

پاکستان اور جاپان کے درمیان میچ 2 اکتوبر کو کھیلا جائے گا۔

کھیلوں کی خبریں سے مزید