• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پوری دنیا میں کرکٹ کھیلی، بھارت میں ابھی تک نہیں کھیلے، شاداب خان

شاداب خان— فائل فوٹو
شاداب خان— فائل فوٹو

پاکستان کرکٹ ٹیم کے نائب کپتان شاداب خان نے کہا ہے کہ ہم نے پوری دنیا میں کرکٹ کھیلی، بھارت میں ابھی تک نہیں کھیلی۔

حیدر آباد دکن میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے شاداب خان نے کہا کہ ورلڈ کپ ایک ایسا پلیٹ فارم ہے کہ اگر آپ اس میں پرفارم کرتے ہیں تو سُپر اسٹار بن جاتے ہیں، بحیثیت کھلاڑی آپ کے پاس موقع ہوتا ہے کہ ورلڈ کپ میں اچھی پرفارمنس دے کر اسٹار بنیں۔

شاداب خان نے کہا کہ جتنے بھی کھلاڑی یہاں آئے ہیں ان کی کوشش ہے کہ وہ پرفارمنس دے کر سُپر اسٹار بنیں، فخر زمان ایک بڑا کھلاڑی ہے اور ایک امپیکٹ فُل پلیئر ہے، فخر زمان جیسے کھلاڑیوں میں اگر تسلسل نہیں ہوتا مگر وہ جب پرفارم کرتے ہیں تو ٹیم جیتتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس سال بھی فخر زمان کی 3 سنچریاں ہیں جس کی بدولت پاکستان نے کامیابی حاصل کی، ہر ٹیم چاہتی ہے کہ فخر جیسے کھلاڑی ان کی ٹیم میں ہوں، وہ ہمارا ورلڈ کپ کلاس پلیئر ہے اور ہمیں اس کے اوپر کوئی شک نہیں ہے، ہم انہیں سپورٹ کرتے ہیں۔

شاداب خان نے کہا کہ ہمیں دوسرے وینیوز کی کنڈینشنز کا اندازہ نہیں ہے، ہمیں جلد از جلد کنڈیشنز سے ہم آہنگ ہونا پڑے گا، ورلڈکپ لمبا ٹورنامنٹ ہے جس میں کنڈیشنز اور فٹنس تمام ٹیموں کے لیے فکر مندی کی بات ہے۔


نائب کپتان نے کہا کہ ہم نے ایشیا کپ اور حالیہ سیریز میں دیکھا کہ کھلاڑی انجریز کا شکار ہوئے، ہم پہلے ہی ایک بڑے کھلاڑی کو کھو چکے ہیں اور مزید کھلاڑیوں کی انجریز برداشت نہیں کر سکتے۔

انہوں نے کہا کہ ان کنڈیشنز میں رنز روکنا اور وکٹیں لینا مشکل ہوتا ہے، بھارت میں فلیٹ ٹریکس اور چھوٹی باؤنڈریز ہیں، ہمارے پاس ورلڈ کلاس بولرز ہیں، اگر ہم بولنگ اچھی کریں گے تو چیمپئن بنیں گے، اس ٹورنامنٹ میں وہ ٹیم کامیاب ہو گی جس کی بولنگ اچھی ہو گی۔

شاداب خان نے کہا کہ احمد آباد والا میچ ابھی دور ہے اس سے پہلے بھی ہم نے میچز کھیلنے ہیں، بابر، رضوان اور امام الحق تسلسل سے پرفارم کرنے والے کھلاڑی ہیں۔

شاداب خان نے کہا کہ بحیثیت ٹیم ہمارا ایشیا کپ اچھا نہیں رہا، یہی کرکٹ کی خوبصورتی ہے کہ آپ غلطیوں سے سیکھتے ہیں، آپ کے پاس موقع ہوتا ہے کہ آپ غلطیوں سے سیکھ کر انہیں بہتر کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ایشیا کپ میں ہارنے کے بعد ہمیں آرام ملا، کرکٹ اسکلز سے زیادہ دماغی کھیل بن چکا ہے، جب آپ ذہنی طور ہر ریلیکس ہوتے ہیں تو اچھے فیصلے کرتے ہیں، میری حالیہ فارم بلکل اچھی نہیں رہی، آرام ملنے سے میں ذہنی طور پر تازہ دم ہوا ہوں۔

شاداب خان نے کہا کہ بھارت میں کنڈیشنز پاکستان سے ملتی جلتی ہیں، وارم اپ میچ میں وکٹ راولپنڈی کی پچ کی طرح لگی، بلکل فلیٹ وکٹ تھی، اگلا میچ کھیلنے سے ہمیں کنڈینشنز کا بہتر اندازہ ہو جائے گا۔

نائب کپتان نے کہا کہ بھارت میں جس طرح کی مہمان نوازی کی گئی، مزہ آیا، امید ہے کہ احمد آباد میں جب بھارت کے خلاف کھیل رہے ہوں گے تو ایسی ہی مہمان نوازی ملے گی، یہاں کھانے بڑے اچھے ہیں، ہمارا گورا اسٹاف بھی ان کھانوں پر لگ گیا ہے، کھانے اتنے لذیز ہیں کہ لگتا ہے کہ ہمارا فیٹ لیول اور وزن بڑھ جائے گا۔

شاداب خان نے کہا کہ مجھے بطور بیٹر روہت شرما کافی پسند ہیں، وہ دنیا کے ایسے بیٹرز ہیں کہ سیٹ ہونے کے بعڈ انہیں آؤٹ کرنا اور انہیں بولنگ کرنا مشکل ہو جاتا ہے، میں لیگ اسپنر ہوں تو بولرز میں کلدیپ یادیو کا نام لوں گا، کلدیپ یادیو بڑی فارم میں ہیں، وہ مشکل کنڈیشنز میں بھی اچھا پرفارم کر رہے ہیں۔

کھیلوں کی خبریں سے مزید