• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

دوسرے وارم اپ میچ میں شکست، ورلڈ کپ سے قبل بولنگ اور اوپننگ پاکستان کو ڈرانے لگی

کراچی(اسٹاف رپورٹر)آسٹریلیا نے پاکستان کے خلاف ورلڈ کپ کا وارم اپ میچ 14رنز سے جیت لیا۔اس طرح جمعے کو ورلڈ کپ مشن کے آغاز سے قبل پاکستان کو حیدرآباد میں دونوں میچوں میں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔خراب بولنگ اور اوپننگ پاکستان کو ڈرانے لگی۔ ٹیم پہلا میچ کمزور حریف نیدر لینڈ کے خلاف کھیلے گی۔ منگل کو آسٹریلیا نے ٹاس جیت کر پہلے کھیلتے ہوئے سات وکٹ پر351رنز بنائے۔ جواب میں پاکستانی ٹیم47.4 اوورز میں337رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔ بابر اعظم نے59گیندوں پر90رنز کی اننگز کھیلی اور ریٹائرڈ آؤٹ ہوئے۔ انہوں نے دو چھکے اور گیارہ چوکے مارے۔ افتخار احمد نے85گیندوں پر83 رنز چار چھکے اور چھ چوکوں کی مدد سے بنائے۔ آسٹریلیا کی فیلڈنگ خراب تھی۔محمد نواز نے 42 گیندوں پر50رنز اسکور کئے۔ فخر زمان 22، امام الحق 16، عبداللہ شفیق12، شاداب خان 9، سلمان آغا10، اسامہ میر15اور حسن علی16رنز بناکر آوٹ ہوئے قبل ازیں آسٹریلوی اننگز میں فاسٹ بولر حارث رؤف نے9اوورز میں97، بابر کی جگہ کپتانی کرنے والے شاداب خان نے69، محمد وسیم نے63اور محمد نواز نے6اوور میں34رنز دے کر ایک، ایک وکٹ لی۔ اسامہ میر نے5اوورز میں31 رنز دے کر دو وکٹیں حاصل کیں۔ محمد رضوان نے آرام کیا ان کی جگہ ٹریولنگ ریزرو میں شامل حارث نے وکٹ کیپنگ کی۔ حارث نے کیچ چھوڑا اور کیپنگ بھی غیرمعیاری کی۔ شاہین شاہ آفریدی اور حسن علی نے چھ،چھ اوورز میں بغیر وکٹ لیے بالترتیب 25 اور 23رنز دیے۔ ڈیوڈ وارنر اور مچل مارش نے پہلی وکٹ کیلئے83رنز کی شراکت قائم کی، ڈیوڈ وارنر کو اسامہ میر نے حارث رؤف کے ہاتھوں کیچ آؤٹ کیا، انہوں نے 33گیندوں پر 3چھکوں اور4 چوکوں کی مدد سے48 رنز بنائے۔ اسامہ میر نے اپنے دوسرے اوور میں مچل مارش کو بھی 31رنز پر چلتا کیا۔31گیند پر40رنز بنانے والے مارنس لبوشین کو محمد نواز نے آؤٹ کیا۔ اگلے ہی اوور میں حارث رؤف نے اسٹیون اسمتھ کو27رنز پر پویلین کی راہ دکھائی۔ آسٹریلیا نے ابتدائی25 اوورز میں4وکٹ پر155رنز بنا لیے تھے۔ گلین میکسویل 71 گیندوں پر4چوکوں اور6چھکوں کی مدد سے77رنز بناکر شاداب خان کی گیند پر بابراعظم کا کیچ بنے۔ جوش انگلیس نے 30 گیندوں میں 8 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 48 رنز بنائے، محمد وسیم نے انہیں آؤٹ کیا۔

اسپورٹس سے مزید