• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ملالہ یوسفزئی کا حماس اور اسرائیل سے جنگ بندی کا مطالبہ

ملالہ یوسفزئی—فائل فوٹو
ملالہ یوسفزئی—فائل فوٹو

نوبیل انعام یافتہ سماجی کارکن ملالہ یوسفزئی نے حماس اور اسرائیل کے درمیان جاری جنگ پر ردِعمل ظاہر کرتے ہوئے فوری طور پر جنگ بندی کا مطالبہ کر دیا۔

گزشتہ شب سماجی رابطے کی سائٹ ایکس (سابق ٹوئٹر) پر ملالہ یوسف زئی نے فوری طور پر جنگ بندی کا مطالبہ کرتے ہوئے لکھا ہے کہ میں گزشتہ چند دنوں سے افسوس ناک خبریں ملاحظہ کر رہی ہوں، اس دوران مجھے ان فلسطینی اور اسرائیلی بچوں کا خیال آ رہا ہے، جو اس صورتِ حال سے گزر رہے ہیں۔

انہوں نے ذاتی تجربہ بیان کرتے ہوئے لکھا ہے کہ میں صرف 11 برس کی تھی جب میں نے تشدد اور دہشت گردی کا مشاہدہ کیا، صبح سویرے ہم مارٹر گولوں کی آوازوں سے بیدار ہوتے تھے، اپنے اسکولوں اور مساجد کو بموں سے تباہ ہوتے ہوئے دیکھتے تھے، امن جیسے صرف ایک خواب بن کر رہ گیا تھا۔

سماجی کارکن نے مزید لکھا ہے کہ جنگ ہمیشہ بچوں پر اثر انداز ہوتی ہے چاہے وہ اسرائیل کے گھروں سے اٹھائے گئے بچے ہوں یا غزہ میں بھوکے، پیاسے اور فضائی حملوں کے ڈر سے چھپے ہوئے بچے ہوں۔

انہوں نے آخر میں یہ بھی لکھا ہے کہ آج میں ان تمام بچوں اور لوگوں کے لیے غمزدہ ہوں جو مقدس سر زمین میں امن اور انصاف کے خواہاں ہیں۔

واضح رہے کہ غزہ پر اسرائیل نے پانچویں روز بھی حملے جاری رکھے ہوئے ہیں۔

حماس کے مطابق غزہ پر گزشتہ رات بھر کے اسرائیلی حملوں میں کم از کم 30 فلسطینی شہید ہوئے ہیں، اسرائیل نے رہائشی عمارتوں، مساجد، دکانوں اور فیکٹریوں کو نشانہ بنایا ہے۔

قومی خبریں سے مزید