پاکستان کرکٹ سلیکشن کمیٹی کے سربراہ اور سابق کپتان انضمام الحق نے کہا ہے کہ بھارتی کرکٹ ٹیم کو پاکستان کا دورہ کرنا چاہیے، دونوں ٹیموں کو آپس میں سیریز کھیلنی چاہئیں۔
بھارتی میڈیا سے گفتگو میں انضمام الحق نے کہا کہ کرکٹ فینز دونوں ممالک کے درمیان کرکٹ میچز کا بےتابی سے انتظار کررہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان اور بھارت کی کرکٹ ٹیموں کا ایک دوسرے کے ساتھ کھیلنا اچھی چیز ہے، بھارتی ٹیم کو پاکستان کا دورہ کرنا چاہیے۔
پاکستان ٹیم کی کارکردگی پر چیف سلیکٹر نے کہا کہ ٹیم ورلڈکپ میں زبردست کھیل رہی ہے۔ اس کا کریڈٹ تمام کھلاڑیوں کو جاتا ہے، سری لنکا کے خلاف عبداللہ شفیق اور محمد رضوان نے بہت اچھی اننگز کھیلیں۔
انضمام الحق نے امید ظاہر کی کہ اگر قومی ٹیم کی یہی پرفارمنس رہی تو ورلڈ کپ میں رزلٹ بڑا شاندار ہو گا۔