کراچی(اسٹاف رپورٹر) چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ مینجمنٹ کمیٹی ذکاء اشرف جمعرات کو بھارت روانہ ہونگے اور ہفتے کو احمد آباد میں پاکستان اور بھارت کا میچ دیکھیں گے۔ پی سی بی کے مطابق ذکاء اشرف نے پاکستانی میڈیا کو ورلڈ کپ کے موقع پر ویزوں کیلئے اپنے پاسپورٹ جمع کرانے کی اجازت دیے جانے کی تصدیق کے بعد یہ فیصلہ کیا ہے۔ ذکا اشرف کا کہنا ہے کہ انہوں نے بھارت جانا موخر کر دیا تھا لیکن اب وہ بھارت جارہے ہیں۔ خوشی ہے کہ دفتر خارجہ کے ساتھ بات چیت نے اس حوالے سے مثبت پیش رفت میں مدد کی ۔ بھارت جانے کا مقصد ٹیم کی حوصلہ افزائی کرنا ہے ،ہوم ٹیم کے خلاف اہم میچ سے قبل ٹیم کیلئے پیغام یہی ہے کہ بے خوف ہو کر کھیلیں۔ آگے مزید بڑے میچ ہیں۔ دریں اثنا بدھ کو لاہور میں میڈیا سے بات چیت میں انہوں نے کہا کہ کچھ دیر پہلے جے شاہ سے گفتگو ہوئی ہے، شائقین کے ویزے بھی جلد جاری کردیے جائیں گے۔ پاکستان کا ہمیشہ پیغام امن کا ہے۔ بھارت اورپاکستان کے درمیان کرکٹ ہوگی تو امن ہوگا۔ جناح گاندھی ٹرافی کی تجویز پرانی ہے۔ دوبارہ اس کی بات کریں گے۔ انگلینڈ اور آسٹریلیا کی ایشز کی طرح ہمیں بھی سیریز کھیلنی چاہیے۔ خواہش ہے پاکستان دوسری مرتبہ ورلڈ کپ جیتے۔ زینب عباس کے ساتھ جو ہوا اس کا رنج ہے۔