صدرِ مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کُرم اور ژوب میں شہید ہونے والے پاک فوج کے جوانوں کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے ان کے لواحقین سے ٹیلیفونک رابطہ کر کے اظہارِ افسوس کیا ہے۔
ایوانِ صدر کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ صدر ڈاکٹر عارف علوی نے کُرم اور ژوب میں شہید ہونے والے پاک فوج کے جوانوں کے لواحقین سے ٹیلیفون پر اظہارِ افسوس کیا ہے۔
صدر مملکت نے 29 ستمبر کو خیبر پختون خوا کے ضلع کُرم کی شکار تنگی پوسٹ پر حملے میں شہید ہونے والے لانس نائیک غیرت خان اور 28 ستمبر کو بلوچستان کے ضلع ژوب میں دہشت گرد حملے میں شہید ہونے والے سپاہی ندیم خان کے لواحقین سے ٹیلیفونک رابطہ کیا اور اظہارِ تعزیت کیا۔
صدرِ مملکت نے شہداء کو وطن کی خاطر جامِ شہادت نوش کرنے پر سلام اور خراجِ عقیدت پیش کیا اور شہداء کے خاندانوں سے اظہارِ ہمدردی کیا۔
انہوں نے شہداء کے بلندی درجات اور لواحقین کے لیے صبرِ جمیل کی دعا بھی کی۔