• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اسرائیل کےخلاف حماس کی کارروائیوں کی ویڈیو رپورٹ جاری


فلسطین کی مزاحمتی تحریک حماس کے عسکری ونگ نے الاقصیٰ طوفان کے نام سے اسرائیل کے خلاف اپنی غیر معمولی جنگ میں کی گئی کارروائیوں کی ویڈیو رپورٹ جاری کر دی ہے۔

ساڑھے تین منٹ کی اس ویڈیو کو انتہائی اعلیٰ فنی صلاحیتوں کے ساتھ فلمایا اور ایڈیٹنگ کے مراحل سے گزارا گیا ہے۔ ویڈیو کے آغاز میں دور مار مارٹر گنوں کی فائرنگ اور راکٹوں کی بارش کر کے اسرائیل پر حملہ دکھایا گیا ہے۔

ویڈیو میں القسام کے کمانڈوز کو اسرائیلی باڑ کو بموں سے اڑاتے، زمینی اور فضائی راستوں سے اسرائیل میں داخل ہوتے دیکھا جا سکتا ہے۔ حملے کے دوران فتح و نصرت کی دعائیں بھی مانگی گئیں۔

اسرائیلی فوجی کیمپوں میں داخل ہونے والے القسام بریگیڈز کے کمانڈوز کے ہیلمٹس اور گنوں پر کیمرے لگے تھے، جبکہ حملے کی فلم بندی ڈرون کیمروں سے بھی کی گئی۔ جن ڈرونز سے بم گرائے گئے ان پر بھی کیمرے لگے تھے۔

 فضائی حملوں کے بعد حماس کے ڈرونز بحفاظت اپنے مرکز پہنچنے میں کامیاب رہے۔

القسام کی جاری کردہ ویڈیو میں بڑی تعداد میں تباہ شدہ اسرائیلی فوجی گاڑیاں اور فوجی کیمپوں میں جا بجا پڑی اسرائیلی فوجیوں کی لاشیں دیکھی جا سکتی ہیں۔

ماہرین کا تجزیہ ہے کہ حماس نے جہاں اپنی فوجی کارروائیوں سے دنیا کو حیران کردیا ہے وہیں ابلاغ کے میدان میں بھی اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا ہے۔

بین الاقوامی خبریں سے مزید