کرکٹ ورلڈ کپ میں پاکستان اور بھارت 7 مرتبہ آمنے سامنے آئے اور ہر مرتبہ بھارت نے پاکستان کو زیر کیا۔
کیا اس مرتبہ احمد آباد کے اسٹیڈیم میں پاکستانی ٹیم بھارت کو شکست دے کر 31 برس سے طاری جمود کو توڑنے میں کامیاب ہوسکے گی؟
ورلڈ کپ کرکٹ میں پاکستان اور بھارت کا پہلا مقابلہ آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ کی سرزمین پر کھیلے جانے والے پانچویں ایڈیشن میں ہوا، اس میچ میں بھارت نے پاکستان کو 43 رنز سے مات دی۔
دونوں ٹیمیں دوسری بار 1996 کے ورلڈ کپ میں بنگلور میں مدمقابل آئیں، یہ ایونٹ کا کوارٹر فائنل بھی تھا، میچ میں پاکستان کو 39 رنز سے مات ہوئی۔
تیسرا مقابلہ انگلش سرزمین پر 1999 میں کھیلے گئے ورلڈ کپ میں ہوا، اس میچ میں بھارت 47 رنز سے فتحیاب ہوا۔
2003 میں کھیلے گئے ورلڈ کپ کے میچ میں بھارت نے پاکستان کو 6 وکٹ سے ہرایا جبکہ 2011 میں پاکستان اور بھارت میگا ایونٹ کے سیمی فائنل میں موہالی میں ٹکرائے، یہ مقابلہ 29 رنز سے میزبان ملک کے نام رہا۔
2015 کے ورلڈ کپ میں دونوں ٹیمیں آسٹریلیا کے ایڈیلیڈ اوول میں آمنے سامنے تھیں، جس میں پاکستان کو 76 رنز سے شکست ہوئی۔
دونوں ٹیموں کے درمیان ساتواں مقابلہ 2019 کے ورلڈ کپ میں ہوا، بارش سے متاثرہ اس میچ میں بھارت نے ڈک ورتھ لوئس میتھڈ کے تحت 89 رنز سے فتح سمیٹی۔