پاکستانی یوٹیوبر و اداکار مومن ثاقب کو بھارتی ویزہ تو نہ ملا لیکن اب بھی وہ پُرعزم ہیں اور کہتے ہیں گھر پر بیٹھ کر ہی قومی ٹیم کو سپورٹ کریں گے۔
خیال رہے کہ پاکستانی یوٹیوبر نے پاک بھارت ورلڈ کپ میچ اسٹیڈیم میں دیکھنے کی خاطر دو روز قبل بھارتی ویزے کے لیے درخواست جمع کرائی تھی جو قبول نہ ہوسکی۔
اب مومن ثاقب نے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر ویڈیو پیغام جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ آخر وقت تک ویزے کا انتظار کرنے کے باوجود ویزہ جاری نہ ہوسکا۔
انہوں نے مذکورہ ویڈیو پیغام میں کہا کہ گزشتہ چھ برسوں میں ایسا کبھی نہیں ہوا کہ وہ اپنی ٹیم کو سپورٹ کرنے کے لئے اسٹیڈیم میں موجود نہ ہوں۔ دنیا میں جہاں جہاں بھی قومی ٹیم کے میچز ہوئے وہ وہاں موجود تھے، اگر ویزہ مل جاتا تو آج بھارت میں قومی ٹیم کا حوصلہ بلند کر رہے ہوتے لیکن ایسا ممکن نہ ہوسکا۔
انہوں نے دنیا بھر میں جہاں جہاں کرکٹ کے شائقین ہیں انہیں مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ سب اپنی اپنی ٹیمز کو سپورٹ کریں اور کسی بھی کھلاڑی کو تنقید کا نشانہ نہیں بنانا، کھیل انجوائے کرنا ہے۔
مذکورہ ویڈیو پیغام کے کیپشن میں انہوں نے اسٹیڈیم میں موجود شائقین کرکٹ سے درخواست کی کہ ’مجھے اسٹیڈیم سے اپنی ویڈیوز اور اسٹوریز میں ٹیگ کریں، میں پاک بھارت ٹاکرے کے لیے پرجوش ہوں‘۔