ون ڈے کرکٹ میں تین بار ڈبل سینچری اسکور کرنے والے بھارتی کرکٹ ٹیم کے کپتان روہت شرما نے انکشاف کیا ہے کہ اہلیہ سے ہونے والی پہلی ملاقات میں مجھے ان پر غصہ آ گیا تھا۔
بھارتی میڈیا کو انٹرویو دیتے ہوئے کھلاڑی نے اہلیہ و سابقہ اسپورٹس منیجر رتیکا سجدے سے ہونے والی پہلی ملاقات کا دلچسپ احوال بیان کر دیا۔
بھارتی کپتان نے اپنی اہلیہ سے پہلی ملاقات کی کہانی کو مزاحیہ قرار دیا اور کہا کہ مجھے بتانے میں شرم آ رہی ہے، اس کے بعد انہوں نے ایک اسپورٹس شوٹ کے بارے میں بتایا کہ ’اس روز ہم دونوں شوٹنگ کر رہے تھے، ان دنوں میری عمر 20 برس تھی، مجھے کچھ بھی پتہ نہیں تھا لیکن میں وہاں پہنچ گیا جہاں شوٹنگ ہو رہی تھی۔
انہوں نے بتایا کہ یوراج اور عرفان پٹھان بھی اس شوٹ کے لیے وہاں موجود تھے، یوراج چونکہ سینئر کھلاڑی تھے تو میں ان سے پہلے ملنے گیا، کیونکہ سینئر کھلاڑیوں سے پہلے ملنا پڑتا ہے۔
روہت شرما نے مزید بتایا کہ رتیکا وہاں بیٹھی ہوئی تھیں، یووی (یوراج) نے مجھے پہلے ہی بول دیا تھا کہ یہ میری بہن ہے اس کو دیکھنا بھی مت، میں نے انہیں کہا کہ میں آپ سے ملنے آیا ہوں۔
بھارتی کھلاڑی نے بتایا کہ پوری شوٹنگ کے دوران میں رتیکا کو غصے سے دیکھ رہا تھا کہ یہ کون ہے، اس میں اتنا گھمنڈ کیوں ہے۔
انہوں نے کہا کہ جب میری شوٹنگ ہونی تھی تو میں بہت نروس تھا کیونکہ مجھے پتہ نہیں تھا کہ کیا کرنا تھا، کچھ ڈائیلاگز تھے جو مجھے بولنے تھے لیکن پھر سب کچھ صحیح ہوا، مگر پھر ڈائریکٹر نے آ کر کہا کہ آپ کا مائیک بند تھا اس لیے آپ کو دوبارہ ریکارڈ کروانا پڑے گا۔
روہت شرما نے بتایا کہ جب دوبارہ ریکارڈ کروانے گیا تو رتیکا وہاں آئیں اور انہوں نے مجھ سے پیار سے کہا کہ اگر کوئی مدد چاہیے تو مجھے بتائیے گا۔
بھارتی ٹیم کے کپتان نے کہا کہ یہ ہماری پہلی بات چیت تھی، پھر وہ پہلے میری منیجر، پھر اچھی دوست اور پھر 2015ء میں شریکِ حیات بن گئیں۔
بھارتی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق 6 سال تک ایک دوسرے کو ڈیٹ کرنے کے بعد روہت شرما اور رتیکا سجدے نے شادی کا فیصلہ کیا، کرکٹر نے اسپورٹس منیجر رتیکا کو اسپورٹس کمپلکس میں پرپوز کیا جسے رتیکا نے فوراً قبول کر لیا تھا۔