• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ایک ڈراپ کیچ، ہاتھ سے گیا میچ، پاکستان کو آسٹریلیا سے بھی شکست، وارنر، مارش کی سنچریاں

بنگلورو(عبدالماجد بھٹی/ نمائندہ خصوصی) بابر اعظم ورلڈ کپ کی ایک اور اننگز میں ناکام ، پاکستان ٹیم مشن مکمل نہ کرسکی ۔ شاداب کی جگہ لینے والے اسامہ میر نے کیچ ڈراپ کرکے میچ کو دور کردیا۔ خود صفر پر آؤٹ ہوئے لیکن ڈیوڈ وارنر کو پلیئر آف دی میچ بنادیا۔ چنا سوامی اسٹیڈیم میں جمعے کو آسٹریلیا نے367رنز بناکر پاکستان کو305 پر آؤٹ کردیا، اس نے 62رنز سے ہراکر دوسری کامیابی حاصل کی۔ بھارت کے بعد آسٹریلیا کے خلاف پاکستان کو ٹورنامنٹ میں دوسری شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ آسٹریلیا پوائنٹس ٹیبل پر چوتھے اور پاکستان پانچویں نمبر پر چلی گئی ہے۔ آسٹریلوی اوپنرز کی سنچریوں کی بعد پاکستانی بیٹنگ پہاڑ جیسا اسکور حاصل کرنے میں ناکام ہوگئی۔ بولروں نے کشتی طوفان میں پھنسا دیا۔ پاکستانی ٹیم45.3اوورز میں305رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔ لیگ اسپنر ایڈم زمپا نے53رنز دے کر چار ، کپتان پیٹ کمنز اور اسٹوئنس نے دو دو وکٹ حاصل کئے۔ اوپنرز امام الحق اور عبداللہ شفیق نے پاکستان اننگز کا پراعتماد انداز میں آغاز کیا،100رنز کی شراکت مکمل کرنے کے بعد قدرے جارحانہ انداز اپنایا ۔134پر اسٹوئنس نے عبداللہ شفیق کو 64 رنزپر آؤٹ کردیا انہوں نے61گیندیں کھیلیں اور دو چھکے اور سات چوکے مارے۔ اسٹوئنس نے اپنے اگلے اوور میں70رنز بنانے والے امام الحق کو بھی آؤٹ کردیا۔ امام نے دس چوکے مارے۔ بابر اعظم کی ناکامیوں کا سلسلہ تھم نہ سکا ، وہ18رنز بنانے کے بعد ایڈم زامپا کو وکٹ دے بیٹھے۔ سعود شکیل 31گیندوں پر30رنز بنائے۔ محمد رضوان نے40گیندوں پر46رنز بنائے۔ افتخار احمد تین چھکوں کی مدد سے26رنز بناکرزمپا کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوگئے۔ پاکستان نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا، اسامہ میر نے شاہین آفریدی کی گیندپر ڈیوڈ وارنر کا دس کے انفرادی اسکور پر آسان کیچ ڈراپ کیا۔ جس کا خمیازہ پاکستان کو بھگتنا پڑا۔ آسٹریلیا نے 9 وکٹ پر 367 رنز بنائے۔ ڈیوڈ وارنر 124 گیندوں پر 9 چھکوں اور 14 چوکوں سے مزین 163 رنز بناکر حارث رؤف کی وکٹ بنے۔عبداللہ شفیق اور بابر اعظم نے ایک ایک کیچ چھوڑا۔ آسٹریلوی اننگز کی پہلی گیند پر شاہین شاہ آفریدی نے ڈیوڈ وارنر کے خلاف ایل بی ڈبلیو کی اپیل کی جو مسترد ہوئی۔ پاکستان نے ریویو لیا لیکن گیند بیٹ سے لگ کر پیڈ پر لگی تھی۔ پانچویں اوور میں شاہین کی گیند پر اسامہ میر نے وارنر کا آسان کیچ گرا دیا۔ شاہین آفریدی نے 10 اوورز میں 54 رنز دے کر 5 شکار کیے۔ شاہین آفریدی ورلڈکپ میں دو بار 5 وکٹیں لینے والے دوسرے پاکستانی بولر بن گئے۔ اس سے قبل شاہد آفریدی ورلڈکپ میں دو بار 5 وکٹیں لے چکے ہیں۔ آسٹریلین اوپنرز نے پہلی وکٹ پر 259 رنز کی شراکت قائم کی۔ ڈیوڈ وارنر کا اسامہ میر کی گیند پر باؤنڈری پرعبداللہ شفیق کیچ نہ لے سکے۔ شاہین نے مچل مارش اسامہ کو کیچ بنایا ۔ اسٹیو اسمتھ کا بابر اعظم نے سلپ میں کیچ چھوڑا ۔ شاہین شاہ آفریدی نے 21 رنز پر اسٹوئنس کو ایل بی ڈبلیو کردیا۔ حارث نے تین وکٹ لیے۔ شاہین نے اننگز کے آخری اوور کی ابتدائی دو گیندوں پر مچل اسٹارک اور ہیزل ووڈ کو آؤٹ کیا۔ اسامہ میر نے 9 اوورز میں 82 رنز دے کر ایک وکٹ لیا۔

اسپورٹس سے مزید