پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے کھلاڑیوں کا مورال بلند کرنے کے لیے لیکچر دیا اور کہا کہ ہم ایسا کئی بار کر چکے ہیں کہ نیچے سے اوپر اٹھتے ہیں۔
کھلاڑیوں کا جوش بڑھانے کے لیے یہ لیکچر بابر اعظم نے چنئی کے چدم برم اسٹیڈیم میں پریکٹس کے دوران دیا۔
پاکستان ٹیم کے کپتان بابر اعظم کا کہنا ہے کہ پہلی بار نہیں ہوا، ایسا پہلے بھی ہوچکا ہے اور اس وقت بھی پاکستان ٹیم نیچے سے اوپر آئی۔
بابر اعظم نے مزید کہا کہ جب ہم نیچے سے اٹھتے ہیں تو سیدھا ٹاپ پر جاتے ہیں، جب ایک دوسرے کے ساتھ رہیں گے تو آسانی ہو گی، ہمیں ایک دوسرے سے کندھے سے کندھا ملا کر چلنا ہے۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ اب بھی ہم دوبارہ اٹھ سکتے ہیں، یہ بات اس وجہ سے بار بار دہرا رہا ہوں کے ماضی میں کئی بار ہم ایسی پوزیشن سے نکلے اور اب بھی نکل سکتے ہیں۔
واضح رہے کہ پاکستان کرکٹ ٹیم ورلڈ کپ میں کل اپنا چھٹا میچ جنوبی افریقا کے خلاف کھیلے گی۔
قومی ٹیم نے اب تک 5 میچز میں سے 2 جیتے ہیں، پاکستان ٹیم کو بھارت، آسٹریلیا اور افغانستان نے شکست دی ہے۔