پاکستان کرکٹ ٹیم کے مڈل آرڈر بیٹر سعود شکیل نے کہا ہے کہ جنوبی افریقا سے شکست پر ڈریسنگ روم میں کافی مایوسی ہے، دل ٹوٹا مگر کڑوا گھونٹ پی لیا۔
مکسڈ زون میں میڈیا سے گفتگو میں سعود شکیل نے کہا کہ آج کا میچ جیت جاتے تو 2 قیمتی پوائنٹس مل جاتے، کوشش کرکے اس شکست کو بھلا کر اگلے میچز پر فوکس کریں۔
انہوں نے کہا کہ پچھلے میچز میں بریک تھرو نہیں مل رہے تھے، آج ملے تو پھڑک بھی نظر آئی، غلطی ہوئی کہ پوری بالز نہ کھیل سکے۔
سعود شکیل نے مزید کہا کہ چنئی کے کراؤڈ نے کسی ایک ٹیم کو نہیں، اچھی کرکٹ کو سپورٹ کیا، پچ میں اتنا کچھ تھا نہیں مگر بولرز نے زبردست کم بیک کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ ہم اگر مگر والی کنڈیشن میں اچھا کھیل جاتے ہیں، ایسی صورتحال میں ٹورنامنٹ کا مزہ رہتا ہے۔
پاکستانی مڈل آرڈر بیٹر نے یہ بھی کہا کہ امپائرز کال والے فیصلے کبھی حق میں ہوتے ہیں کبھی خلاف ہوتے، کوشش ہوتی ہے کہ جتنا لمبا کھیل سکیں کھیلیں۔
انہوں نے کہا کہ شاداب کے ساتھ اننگز بنانے کی کوشش کی، پہلے بیٹنگ کرتے ہیں تو اوپنرز ٹائم لیتے ہیں۔
سعود شکیل نے کہا کہ ہم پے در پے وکٹ کھو دیتے ہیں، جس کی وجہ سے اسٹرائیک ریٹ متاثر ہوتا ہے، میں یا محمد نواز آخر تک کھیلتے تو پوری بالز کھیل کر 20، 25 رنز کا فرق ڈال سکتے تھے۔