کراچی ( اسٹاف رپورٹر) گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نےکہاہے کہ غیر قانونی مقیم افغانوں کے خلاف کراچی میں بڑا کریک ڈاؤن کیا جائے گا،اسلام آباد میں وزیر داخلہ سرفراز بگٹی سے ملاقات ہوئی ، ، وزیر داخلہ نے بتایا کہ غیر قانونی مقیم افراد کے خلاف کریک ڈاون ہوگا، کراچی ایکسپو سینٹرمیں سیلانی آئی ٹی ڈیواتھن(IT DEVATHON) کی تقریب میں شرکت کے بعد میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئےگورنر سندھ نے کہا کہ ملک بھر میں امن و امان کی صورتحال پر بھی کام ہورہا ہے، پاکستان کی ترقی اور استحکام کے لئے کام کرتے رہیں گے، انہوں نے کہا کہ ایک طرف زیادتی ہورہی ہے تو دوسری طرف ازالہ بھی ہورہا ہے، ڈالر کی قیمت میں 2سے 3ماہ میں استحکام آیا ہے ، انہوں نے مزید کہا کہ اسمگلنگ کی روک تھا کے اقدامات عملی طور پر نظر آئے ۔ گورنر سندھ نے فلسطینیوں پر کی جانے والی بربریت کے حوالے سے کہا کہ اسرائیلی فوج کو جنگ لڑنی ہے تو سرحدوں پر لڑیں ، نہتے فلسطینیوں کو ظلم کا نشانہ نہیں بنا نا چاہئےقبل ازیں سیلانی آئی ٹی ڈیواتھن(IT DEVATHON) کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے گورنر سندھ نے کہا کہ مولانا بشیر فاروقی جیسے لوگ صدیوں میں پیدا ہوتے ہیں، ان کی قیادت میں سیلانی کے کارنامے بے مثال ہیں، مشکل معاشی حالات کے باوجود ،سیلانی اور دوسرے فلاحی اداروں کو جذبہ اور کاموں کو دیکھتا ہوں تو میرا حوصلہ بڑھ جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہاں موجود نوجوان پاکستان کا مستقبل ہیں، پاکستان کا اصل چہرہ قلم ہے۔ کامران خان ٹیسوری نے کہا کہ پاکستان کی خوشحالی کے لئے جو بھی کام کرے گا اس کے ساتھ ہوں، ہم پاکستان سمیت دیگر ملکوں کو چلانے والے لوگ تھے۔