کوچی(نیوز ایجنسیاں)بھارتی ریاست کیرالہ کے ایک عیسائی کنونشن سینٹر میں دعائیہ تقریب جاری تھی جس کے دوران وقفے وقفے سے ہونے والے 3دھماکوں میں40افراد بری طرح جھلس گئے جن میں سے 2نے دم توڑ دیا اور مزید ہلاکتوں کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔کوچی سے 10 کلومیٹر کی دورواقع کنونشن سینٹر میں دھماکوں کے وقت 2ہزار سے زائد افراد موجود تھے،بھگدڑ سے کئی افراد پیروں تلے روندے گئے، ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ،بھارتی میڈیا کے مطابق کیرالہ میں کوچی سے 10کلومیٹر کی دوری پر واقع کنونشن سینٹر میں دھماکوں کے وقت 2ہزار سے زائد افراد موجود تھے۔ تقریب کا آغاز ہوتے ہی ایک زور دار دھماکا ہوا جس کے بعد دو دیگر دھماکے بھی ہوئے۔ دھماکوں کے باعث کنونش سینٹر میں آگ بھڑک اُٹھی اور دھوئیں کے بادل چھا گئے۔ تقریب میں بھگدڑ مچ گئی اور درجنوں افراد پیروں تلے روندے گئے۔ بری طرح جھلسنے اور دم گھٹنے کے باعث متعدد افراد بے ہوش ہوگئے۔قریبی اسپتال میں 40زخمیوں کو لایا گیا جن میں سے ایک کو مردہ حالت میں لایا گیا تھا جب کہ ایک نے دورانِ علاج دم توڑ دیا۔ 10 سے زائد افراد50فیصد سے زیادہ جل گئے۔ ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے ۔پولیس کا کہنا ہے کہ تاحال دھماکے کی نوعیت اور وجہ کا تعن نہیں کیا جاسکا۔ ایک ٹفن ملا ہے جس کے بارے میں شُبہ ہے کہ اس میں بارودی مواد موجود تھا تاہم ابھی اس کی تصدیق جاری ہے۔دعائیہ تقریب کے منتظمین کا کہنا ہے کہ تقریب میں کسی بھی قسم کی ہنگامی صورت حال میں شرکاء کے انخلا کے لیے خاص انتظام کیا جاتا ہے اس لیے جانی نقصان کم ہوا تاہم دھواں بھر جانے کے باعث لوگوں کی حالت غیر ہوئی۔