میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب کا کہنا ہے کہ 10 نومبر کو کراچی سٹی کونسل کا اجلاس بلایا جائے گا۔
مرتضیٰ وہاب نے سچل گوٹھ کا دورہ کیا اور ڈپٹی میئر سلمان عبداللّٰہ مراد کے ہمراہ سڑک کا سنگِ بنیاد رکھا۔
اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اُنہوں نے کہا کہ ڈیڑھ کلو میٹر طویل سڑک سے سچل گوٹھ کے مکینوں کو سہولت ملے گی، سڑک کی تعمیر سے ہمارے ایک اور وعدے کی تکمیل ہو رہی ہے۔
میئر کراچی نے کہا کہ انفرااسٹرکچر کو بہتر کرنے میں کوئی کسر نہیں چھوڑیں گے۔
اُنہوں نے کہا کہ صفورا گوٹھ کے عوام کا مسئلہ حل کر دیا ہے، 4 ماہ میں سڑک کے کنارے سیوریج لائن بھی بنا دی جائے گے، کراچی میں تنقید اور کام کرنے والی دو قیادتیں کام کر رہی ہیں۔
مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ جماعتِ اسلامی اور پی ٹی آئی کی یو سیز میں بھی پیپلز پارٹی کام کر رہی ہے۔
ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ شہر کی خدمت کے لیے تمام سیاسی جماعتوں کو مذکرات کی دعوت ہے، ہم ون پوائنٹ ایجنڈے پر تمام سیاسی جماعتوں کے ساتھ مل کر کام کرنے کے لیے تیار ہیں۔