اقوام متحدہ (یو این) نے فلسطینی علاقے غزہ میں فوری جنگ بندی اور امداد کی فراہمی کا مطالبہ کردیا۔
اقوام متحدہ نے ایک بیان میں کہا کہ انسانی بنیادوں پر غزہ میں فوری جنگ بندی کی ضرورت ہے۔ 30 دن ہوچکے، بس اب بہت ہوگیا، جنگ کو رکنا چاہیے۔
اقوام متحدہ اور سول سوسائٹی قائدین نے غزہ میں مزید امداد کی فراہمی کا مطالبہ بھی دہرایا اور کہا کہ یرغمالیوں کو فوری رہا اور انسانی حقوق کا احترام کیا جائے۔
اقوام متحدہ کے پناہ گزینوں کے ادارے (یو این ایچ سی آر) نے کہا کہ غزہ کی پوری آبادی محاصرے میں ہے اور حملے کیے جارہے ہیں، غزہ کی آبادی کو زندہ رہنے کی ضروریات تک رسائی نہیں دی جا رہی ہے۔
یو این ایچ سی آر کے مطابق غزہ میں گھروں، پناہ گاہوں، اسپتالوں اور عبادت گاہوں پر بمباری کی جا رہی ہے، وہاں جو ہو رہا ہے، یہ سب ناقابل قبول ہے۔
اقوام متحدہ کے ادارے نے مزید کہا کہ غزہ میں فوری جنگ بندی اور یرغمالیوں کو غیر مشروط طور پر رہا کیا جائے۔