غزہ (صباح نیوز)فلسطین کے علاقے غزہ کی پٹی پر اسرائیل کی طرف سے مسلط کی گئی جارحیت کے تناظر میں مسلم دنیا کے 100علما ء نے عرب اور مسلمان ممالک کی حکومت پر زور دیا ہے کہ وہ فلسطینیوں کی مدد کے لیے اپنے ملکوں کی سرحدیں کھول دیں،ان پر فرض ہے کہ وہ فلسطینیوں کی مالی، عسکری اور فوجی نفری کے ذریعے مدد کریں،الشیخ محمد الحسن الدادو اور غزہ میں فلسطینی علما کی انجمن کے سربراہ مروان ابو راس سمیت عالم اسلام کے 100 سے زائد علما اور مبلغین نے غزہ کی پٹی پر وحشیانہ اسرائیلی جارحیت کے بارے میں ایک بیان جاری کیا جسے۔ ’’الاقصی اور غزہ کی پکار‘‘کا عنوان دیا گیا ہے۔ بیان میں کہا گیا کہ اس وقت غزہ کی پٹی اور پورے فلسطین میں فلسطینی قوم عالم اسلام کی طرف سے دفاع قبلہ اول کے لیے مقدس جہاد کررہی ہے۔ایسے میں عالم اسلام پر فرض ہے کہ وہ فلسطینیوں کی مالی، عسکری اور فوجی نفری کے ذریعے مدد کریں۔بیان میں کہا گیا کہ عرب اور مسلمان ممالک فلسطین میں امداد کی فراہمی اور مجاہدین کی رسائی اورعام نقل و حرکت، مجاہدین کے داخلے اور ضرورت مندوں کو ریلیف دینے کے لئے ، خاص طور پر رفح کراسنگ کو مستقبل بنیادوں پر کھول دیں۔