بھارت کی ریاست اتراکھنڈ میں ایک زیرِ تعمیر سرنگ منہدم ہو گئی جس میں 40 مزدور پھنس گئے۔
بھارتی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق سرنگ کے منہدم ہونے کا واقعہ ہمالیائی ریاست اتراکھنڈ میں اتوار کی صبح اس وقت پیش آیا جب مزدوروں کا ایک گروپ باہر آ رہا تھا اور متبادل گروپ کام کرنے کے لیے اندر جا رہا تھا۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ سرنگ کا تقریباً 200 میٹر حصّہ منہدم ہو گیا ہے، ملبے تلے دبے مزدوروں کو آکسیجن فراہم کی جا رہی ہے اُنہیں ریسکیو کرنے کے لیے امدادی کام جاری ہے۔
رپورٹ کے مطابق 4.5 کلومیٹر طویل یہ سرنگ سلکیارا اور دندل گاؤں کے درمیان تعمیر کی جا رہی ہے تاکہ اترکاشی اور یمنوتری کے 2 مقدس ہندو مندروں کو ملایا جا سکے۔
بھارتی حکومت کی امدادی ٹیموں کی طرف سے جاری کی گئی تصاویر میں ملبے کے بڑے بڑے ڈھیروں کو وسیع سرنگ کو روکے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔