ماڈلنگ، اداکاری اور میزبانی کے بعد اب ندا یاسر نے فیشن انڈسٹری میں بطور ڈیزائنر قدم رکھ دیا اور تعلیم مکمل کرنے کے ساتھ ہی اپنا کپڑوں کا برانڈ بھی لانچ کر دیا۔
فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم انسٹا گرام پر ندا یاسر نے اسٹوری شیئر کرتے ہوئے فیشن ڈیزائنگ کا کورس مکمل کرنے کے حوالے سے فالوورز کو آگاہ کیا ہے۔
انسٹا اسٹوری میں انہیں فیشن ڈیزائنر عدنان پردیسی سے فیشن ڈیزائنگ کا کورس مکمل کرنے پر سرٹیفیکیٹ وصول کرتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔
انسٹا اسٹوری میں انہوں نے اس خاص موقع پر سفید رنگ کی شرٹ پر ہلکے نیلے رنگ کا کوٹ اور سیاہ پینٹ زیب تن کر رکھا ہے۔
ندا یاسر کی جانب سے سوشل میڈیا پر شیئر کیے گئے سرٹیفیکیٹ کے مطابق ان کا مذکورہ کورس 3 ماہ کا تھا جو ستمبر تا نومبر 2023ء (8 ہفتوں) تک جاری رہا، جس میں انہوں نے ایک بہترین اسٹوڈنٹ کی طرح پرفارم کیا۔
انہوں نے 8 ہفتوں کی ورک شاپ مکمل کرنے کے ساتھ ہی اپنا برانڈ ’وائی ندا کلاتھنگ‘ کے نام سے لانچ کر دیا ہے۔
واضح رہے کہ ندا یاسر نے زندگی کے اس حصے میں آنے کے بعد تعلیمی سفر کو دوبارہ شروع کر کے دیگر خواتین کے لیے بہترین مثال قائم کی ہے کہ زندگی میں کچھ بھی نیا کرنے کے لیے عمر کی کوئی قید نہیں ہے۔