جب ہم نادر و نایاب چیزوں کی بات کرتے ہیں تو اس کی قیمتیں بھی اسکی خصوصیت کو بیان کرتی ہیں، لیکن آسٹریا میں آرٹ کمپنی نے ایسا شاہکار ترتیب دے دیا جو قیمت میں تو مہنگا ہے پر پسند کے لحاظ سے بدترین قرار پایا۔
یورپی ملک آسٹریا کے شہر ویانا میں آرٹ گروپ جیلیٹن نے ایک فوارہ بنایا ہے جسے دیکھنے والے نے تخلیق کار کو اناڑی قرار دیا۔
سوشل میڈیا پر اس فوارے کی تصاویر وائرل ہورہی ہیں جس کے اطراف پر بنے مجسمے دیکھنے والوں کی خاص توجہ حاصل کرہے ہیں، لیکن یہ توجہ حیرانی نہیں بلکہ اس تخلیق کا مذاق بنائے جانے پر ہے۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹ کے مطابق ویانا میں نصب کیے جانے والے اس فوارے کی قیمت 20 لاکھ امریکی ڈالر بتائی جارہی ہے۔
خیال رہے کہ فوارے کی قیمت ایک بیش قیمت کار کینیگسیگ اگیرا آر کے برابر ہے۔
حکام کی جانب سے اس فوارے کو ویانا کے جدید آبی نظام کے 150 سال مکمل ہونے پر بطور یادگار نصب کیا گیا۔
وِر ویسر نامی اس فوارے کو فعال بنا کر جیسے ہی عوام کےلیے نمائش کےلیے پیش کیا گیا تو اسکی تصاویر کو سوشل میڈیا پر کڑی تنقید کا نشانہ بنایا گیا۔
سوشل میڈیا صارفین نے اسے دنیا کا بدترین فوارہ بھی قرار دے دیا اور کہا کہ انہوں نے اس سے برا فوارہ آج تک نہیں دیکھا۔