نیشنل ٹی ٹوئنٹی کپ میں لاہور وائٹس نے کوئٹہ ریجنز کو 9 وکٹوں سے ہرادیا۔ ایک اور میچ میں اسلام آباد ریجنز نے حیدرآباد کو 10 رنز سے شکست دے دی۔
کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلے گئے نیشنل ٹی ٹوئنٹی کپ کے میچ میں کوئٹہ ریجن نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 20 اوورز میں 5 وکٹوں پر 132 رنز بنائے۔ عبدالواحد بنگلزئی 79 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔
جواب میں لاہور وائٹس نے ہدف 12ویں اوور میں ایک وکٹ پر باآسانی حاصل کیا۔
لاہور وائٹس کے احمد شہزاد نے 44 گیندوں پر 81 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی۔ محمد اخلاق 44 رنز بنا کر ناقابل شکست رہے۔
ایک اور میچ میں اسلام آباد ریجن نے حیدرآباد ریجن کو 10 رنز سے شکست دی۔
اسلام آباد ریجنز نے پہلے کھیلتے ہوئے تین وکٹوں پر 153 رنز بنائے۔ سرمد بھٹی 56 اور حماد شفیق 27 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔
جواب میں حیدرآباد ریجنز کی ٹیم 7 وکٹ پر 143 بنا سکی، فرمان اللّٰہ خان نے تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
دیگر میچز میں پنڈی نے بہالپور، ملتان نے فاٹا، لاہور بلیوز نے ڈیرہ مراد جمالی، ایبٹ آباد نے فیصل آباد اور سیالکوٹ نے آزاد جموں و کشمیر کو شکست دے دی۔