• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سلمان خان نے اپنی دو فلموں انتم اور کسی کا بھائی، کسی کی جان کے ناکامی پر خاموشی توڑ دی۔

سلمان خان کی فلم ٹائیگر 3 جس نے باکس آفس پر دھوم مچا رکھی ہے، بالی ووڈ اسٹار کی اس سے پہلے لگاتار 3 فلمیں فلاپ ہوئیں، جن میں رادھے، انتم اور کسی کا بھائی، کسی کی جان شامل ہیں۔

حالیہ انٹرویو میں سلمان خان نے اپنی گزشتہ 2 فلموں کی ناکامی اور ٹائیگر 3 کی کامیابی پر گفتگو کی، ٹائیگر سیریز کا تیسرا حصہ جلد ہی باکس آفس پر 450 کروڑ کا ہندسہ عبور کرلے گا۔

انہوں نے کہا کہ اچھا ہے فلم بینوں کا پیسہ بچ رہا ہے، میرے خیال میں انتم: دی فائنل ٹروتھ اور کسی کا بھائی، کسی کی جان اگر اب ریلیز ہوتیں تو بہتر کارکردگی دکھاتیں۔

بالی ووڈ کے بھائی جان نے کہا کہ جب یہ دونوں فلمیں ریلیز ہوئیں تو لوگ تھیٹر نہیں جارہے تھے، ہم نے انتم اور کسی کا بھائی کسی کی جان کی ریلیز کے دوران ٹکٹ کی قیمت کم رکھی تاکہ فلم بینوں کے پیسے بچ جائیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ان فلموں کی ریلیز کے وقت ٹکٹ کی قیمت 250 سے اوپر نہیں تھی، ہم نے اچھا کیا، ہم نے کم کمایا اور فلم بینوں کے پیسے بچائے۔

سلمان خان نے کہا کہ اگر دونوں فلمیں آج ریلیز ہوتیں تو یقیناً ماضی کے مقابلے میں کئی گنا زیادہ اچھا بزنس کرتیں۔

دوران گفتگو بالی ووڈ کے بھائی جان نے کہا کہ آپ ہر بار کامیابی کا مزہ نہیں چکھ سکتے، بڑی کامیابی کےلیے ضروری ہے کہ ناکامی بھی سہی جائے۔

ٹائیگر 3 کی کامیابی پر گفتگو کرتے ہوئے سلمان خان نے کہا کہ یہ فلم دیوالی پر ریلیز ہوئی، دوسری طرف ملک بھر میں ورلڈ کپ کا شور بھی تھا، ایسے میں جو کامیابی ملی وہ قابل تعریف ہے، جس کےلیے میں خوش اور شکر گزار ہوں۔

سلمان خان کی دو فلمیں ’دی بُل‘ اور ٹائیگر بمقابلہ پٹھان ابھی پائپ لائن میں ہیں۔

انٹرٹینمنٹ سے مزید