لاہور ہائی کورٹ نے سابقہ خاتونِ اوّل بشریٰ بی بی اور اُن کے سابق شوہر خاور مانیکا کی طلاق کا ریکارڈ طلب کرنے سے متعلق درخواست ناقابلِ سماعت قرار دیتے ہوئے مسترد کر دی۔
لاہور ہائی کورٹ میں بشریٰ بی بی اور خاور مانیکا کی طلاق کا ریکارڈ طلب کرنے سے متعلق دائر درخواست پر سماعت ہوئی۔
جسٹس علی باقر نجفی نے وکیل محمد آفاق کی درخواست پر سماعت کی۔
عدالت نے درخواست گزار سے مکالمے کے دوران کہا کہ یہ درخواست آپ دائر نہیں کر سکتے آپ متاثرہ فریق نہیں۔
درخواست گزار وکیل نے عدالت میں مؤقف اختیار کیا کہ میری درخواست پر یہ اعتراض دور ہو گیا تھا۔
عدالت نے استفسار کیا کہ آپ کو بشریٰ بی بی کی عدت پوری نہ ہونے کا کیسے پتہ چلا؟
درخواست گزار وکیل نے اس سوال کے جواب میں کہا کہ میں نے خبریں سنی ہیں۔
عدالت نے کہا کہ آپ نے خبریں دھیان سے نہیں سنی ہوں گی۔
درخواست گزار وکیل نے جواب دیا کہ یونین کونسل نے رولز کی خلاف وزری کی ہے۔
بعد ازاں عدالت نے درخواست ناقابلِ سماعت قرار دیتے ہوئے مسترد کر دی۔