کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر)کوئٹہ بار ایسوسی ایشن کے صدر ملک عابد کاکڑ ایڈووکیٹ اور جنرل سیکریٹری چنگیز حئی بلوچ ایڈووکیٹ نے پشتون تحفظ موومنٹ کے سربراہ منظور پشتین کے قافلے پر فائرنگ اور ان کی گرفتاری کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہاہےکہ منظور پشتین کے قافلے پر حملہ اور منظور پشتون کی گرفتاری ایک بزدلانہ عمل ہے۔اس طریقے سے سیاسی اکابریں جو اپنے حقوق کے حصول اور اپنے عوام پر مظالم کے خلاف جدوجہد کررہے ہیں ان پر اس طرح کا حملہ ایک منظم سازش ہے۔ منظور پشتین تربت میں بالاچ بلوچ کی لواحقین اور دھرنے میں بیٹھی بلوچ ماؤں بہنوں سے اظہار یکجہتی کیلئے چمن سے تربت جارہے تھے۔کہ چمن میں فورسز نے ان کے قافلے پر حملہ کیا اور منظور پشتون کی گاڑی پر فائرنگ کی گئی۔ اس طرح کے عمل سے بلوچستان کے حالات مزید ہوں گے اور مزید نفرتیں پیدا ہوں گی۔ تمام معاملات کو سیاسی اور جمہوری طریقے مل بیٹھ کر حل کرنا چاہیے۔طاقت کا استعمال مسئلے حل نہیں ہوتے بلکہ مزید خراب ہوتے ہیں تمام سیاسی اکابرین جو اپنے عوام کےحقوق کےلئے جدوجہد کررہے ہیں ان کو عوام کی تائید حاصل ہے۔ محکوم اقوام کو اپنے حقوق کے حصول اور مظالم کے خلاف متحد ہوکر جدوجہد کرنا ہوگا تاکہ ظلم اور جبر کی روک تھام ہوسکے۔بیان میں کہاگیاہےکہ منظور پشتون پر فائرنگ اور ان کی گرفتاری کی واقعہ کے خلاف آج 5 دسمبر بروز منگل کو کوئٹہ سمیت صوبہ بھر میں عدالتوں کا بائیکاٹ کیا جائیگا۔