اینٹی نارکوٹکس فورس (اے این ایف) نے مختلف شہروں سے منشیات اسمگلنگ میں ملوث 6 خواتین کو گرفتار کر لیا۔
اے این ایف کے ترجمان کا کہنا ہے کہ 5 کارروائیوں میں گرفتار خواتین سے 26 کلوگرام سے زائد منشیات برآمد ہوئی ہے، گرفتار خواتین بین الصوبائی اور بین الاقوامی سطح پر منشیات اسمگلنگ میں ملوث ہیں۔
ترجمان نے بتایا کہ خواتین کا تعلق مختلف منشیات اسمگلنگ گروہوں کے ساتھ ہونے کا انکشاف ہوا ہے، علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئر پورٹ پر خاتون کے پیٹ سے 87 ہیروئن سے بھرے کیپسول برآمد ہوئے ہیں، لاہور کی رہائشی ملزمہ سمیرہ بذریعہ غیر ملکی ایئر لائن کی پرواز سے عمان کے لیے روانہ ہو رہی تھی۔
اے این ایف نے بتایا کہ ملتان ایئر پورٹ پر خاتون اور ایک شخص کو گرفتار کیا گیا ہے، جن کے بیگ سے 855 گرام آئس برآمد ہوئی ہے جبکہ علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئر پورٹ پر خاتون کے بیگ سے 1.942 کلو گرام آئس برآمد ہوئی ہے، کراچی کی رہائشی سعدیہ نامی ملزمہ گلف ایئر ویز کی پرواز نمبر GF-0767 کے ذریعے بحرین کے لیے روانہ ہو رہی تھی۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ کراچی کے علاقے اورنگی ٹاؤن میں 2 خواتین کو گرفتار کیا گیا ہے، کراچی کی رہائشی صائمہ اور شریفہ بی بی کے قبضے سے 22.8 کلوگرام چرس برآمد کی گئی اور اسلام آباد کے قریب چونگی نمبر 26 پر خاتون کو گرفتار کیا گیا، ملزمہ کے قبضے سے 500 گرام چرس اور 250 گرام آئس برآمد کی گئی۔